کوناکرے(شِنہوا)پہلے چین۔ افریقہ مشترکہ طبی مرکز کے معاہدے پر دستخط اور افتتاحی تقریب گنی کے دارالحکومت کوناکرے میں چین۔گنی دوستی ہسپتال میں منعقد ہوئی۔
چین کے قومی صحت کمیشن کے نائب سربراہ اور بیماریوں پر قابو پانے اور روک تھام کی قومی انتظامیہ کے سربراہ شین ہونگ بنگ اور گنی کے وزیرِ صحت و صفائی عامہ اومار دیوہے باہ نے معاہدے پر دستخط کئے۔
اس معاہدے کا مقصد بیجنگ کے سرکردہ طبی مراکز اور چین۔گنی دوستی ہسپتال کے اشتراک سے نئے طبی مرکز کے قیام کے ذریعے گنی کی عوامی طبی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔
ٹیکنالوجی کی منتقلی، باصلاحیت افراد کی تربیت، معیارات کے قیام، معیار کی نگرانی، تحقیقی تعاون اور صنعتی ترقی کے ذریعے ان اقدامات کا مقصد اس ہسپتال کو مغربی افریقہ کا ایک ایسا علاقائی مرکز بنانا ہے جہاں دل و دماغ کے امراض کی درست تشخیص اور علاج، کم سے کم مداخلت والی سرجری اور مصنوعی ذہانت کی مدد سے طبی خدمات فراہم کی جائیں۔
گنی کے وزیراعظم امادو اوری باہ نے چینی طبی ٹیموں کا شکریہ ادا کیا جو کئی سالوں سے گنی کو مدد فراہم کر رہی ہیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ چینی طبی مہارت سے گنی کے دل کے امراض، اعصابی امراض اور سرجری کے نئے ماہرین کو تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ گنی کے لئے صحت کی دیکھ بھال کا ایک خودمختار اور پائیدار نظام قائم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ آج کے اس معاہدے نے ہمارے باہمی تعاون کے ایک نئے باب کا اضافہ کیا ہے، ہم پیشہ ورانہ مہارت کو بڑھانے اور جدیدطبی ٹیکنالوجیز کو متعارف کرانے کے لئے مل کر کام کریں گے۔


