دارالسلام (شِنہوا) زنجبار کے لئے چین کی 36 ویں طبی ٹیم نے چانی مرکز صحت میں مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا، جس کے دوران مقامی آبادی کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں اور تقریباً 100 مریضوں کا علاج کیا گیا۔
ٹیم کے سربراہ وانگ وے کے مطابق ٹیم نے کیمپ میں سرجری، عمومی بیماریوں، آنکھوں، ناک، کان اور گلے اور دانتوں کے علاج کے لئے مخصوص شعبے قائم کیے۔
وانگ نے بتایا کہ طبی عملے نے ہلکے پھلکے طبی آلات کی مدد سے مقامی رہائشیوں کو ایک ہی جگہ تمام طبی سہولیات فراہم کیں جس دوران گردن، کندھے، کمر کے نچلے حصے اور جوڑوں کے درد جیسی عام عضلاتی تکالیف کے علاج کے لئے آکوپنکچر سمیت روایتی چینی طب کے مخصوص طریقوں سے علاج کیا گیا۔
معائنے اور طبی مشاورت کے علاوہ ٹیم نے ایبولا، شسٹوسومیاسس اور ملیریا سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی سیشن بھی منعقد کئے جس سے مقامی رہائشیوں کے شعور میں اضافہ ہوا اور ان کی اپنی احتیاطی صلاحیتیں بہتر ہوئیں۔
زنجبار کی وزارت صحت کی ایک عہدیدار عانیہ ابراہیم ندوسا نے کہا کہ اس طرح کے عوامی سطح کے اقدامات صحت کی سہولیات کو عام لوگوں کے قریب لاتے ہیں اور رہائشیوں کے لئے پیشہ ورانہ طبی مشوروں تک رسائی مزید آسان بناتے ہیں۔
وانگ نے کہا کہ یہ ٹیم عام افراد کی طبی ضروریات پوری کرنے کے لئے مقامی طبی اداروں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔ اس سے طبی تبادلوں کو فروغ ملے گا، مقامی طبی خدمات کی بہتری میں مدد ملے گی اور چین-تنزانیہ طبی تعاون مزید آگے بڑھایا جائے گا۔


