ہومتازہ ترینچین عالمی سطح پر روایتی طب کے فروغ میں اہم کردار...

چین عالمی سطح پر روایتی طب کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، عہدیدار عالمی ادارہ صحت

بیجنگ (شِنہوا) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ریجنل ڈائریکٹر برائے ویسٹرن پیسیفک سائیا ماؤ پیوکالا نے کہا ہے کہ چین صحت کے اپنے وسیع تر نظام میں روایتی طب شامل کرنے کے تجربے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے عالمی سطح پر اس کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

پیوکالا نے روایتی طب کی عالمی کانفرنس 2026ء کے موقع پر شِنہوا کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ روایتی، متبادل اور ملا جلا علاج دنیا بھر میں طبی دیکھ بھال کا ایک اہم اور تیزی سے فروغ پانے والا شعبہ ہے جو لوگوں کی تندرستی، علاج کی بہتر سہولیات اور سب کے لئے صحت کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر روایتی طب صحت کے نظام میں درست طریقے سے شامل کی جائے تو یہ بالخصوص بنیادی طبی دیکھ بھال میں سہولیات کا دائرہ بڑھا کر علاج کے نتائج کو بہتر بنا سکتی ہے۔ تاہم اس شمولیت کی بنیاد جدید سائنسی ثبوتوں پر ہونی چاہیے تاکہ علاج کا محفوظ اور موثر ہونا یقینی ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ طویل عرصے سے رائج طریقوں کے تحفظ اور افادیت کی بھی سخت جانچ ضروری ہے۔

روایتی اور متبادل علاج کے لئے عالمی ادارہ صحت کے ویسٹرن پیسیفک کے علاقائی فریم ورک میں چار اہم حکمت عملیوں پر زور دیا گیا ہے، ان میں قومی پالیسیوں میں روایتی اور متبادل علاج کا کردار بڑھانا، علاج کی سہولیات کا معیار، افادیت اور تحفظ یقینی بنانے کے لئے زمینی حقائق کے مطابق لائحہ عمل تیار کرنا، علاج کا دائرہ کار پھیلانا اور اس تک سب کو محفوظ، موثر اور مساوی رسائی دینا، نیز پالیسی سازی اور عملی اقدامات میں بہتری کے لئے ضروری ریکارڈنگ، تحقیق اور نئی سوچ کی حمایت کرنا شامل ہے۔

روایتی طب کی عالمی کانفرنس 2026ء کا انعقاد 17 اور 18 اکتوبر کو بیجنگ میں ہوا تھا۔

پیوکالا کا کہنا تھا کہ اس کانفرنس نے چین کی مسلسل خدمات سمیت دنیا بھر کے تجربات سے فائدہ اٹھانے اور بین الاقوامی تعاون مضبوط بنانے کا بہترین موقع فراہم کیا۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں