ہومتازہ ترینچین کے اعلیٰ سیاسی مشیر کا عوامی جمہوریہ کوریا کے اعلیٰ رہنما...

چین کے اعلیٰ سیاسی مشیر کا عوامی جمہوریہ کوریا کے اعلیٰ رہنما کے ساتھ سرحدی شہر کا دورہ

ڈان ڈونگ، لیاؤننگ (شِنہوا) چین کےاعلیٰ سیاسی مشیر وانگ ہوننگ نے ورکرز پارٹی آف کوریا کے جنرل سیکرٹری اور عوامی جمہوریہ کوریا (ڈی پی آر کے) کے صدر کم جونگ اُن کے ساتھ چین کے شمال مشرقی صوبے لیاؤننگ کے شہر ڈان ڈونگ کا دورہ کیا۔

کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن اور چینی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس کی قومی کمیٹی کے چیئرمین وانگ ہوننگ نے کم جونگ اُن کو سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری اور چینی صدر شی جن پھنگ کی جانب سے پرخلوص خیرسگالی اور نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔

وانگ ہوننگ نے امریکی جارحیت کے خلاف مزاحمت اور کوریا کی امداد کے لئے لڑی گئی جنگ کے یادگاری ہال کے چوک میں کم جونگ اُن کا استقبال کیا اور ان کے ساتھ یادگاری مینار پر پھول چڑھائے۔

اس موقع پر چین اور عوامی جمہوریہ کوریا کے قومی ترانے بجائے گئے اور اعزازی دستے نے پھول رکھے۔ کم جونگ اُن نے پھولوں کی ٹوکری کے قریب جا کر اس پر لگے ربن کو درست کیا، جس پر لکھا تھا: ’’چینی عوامی رضاکاروں کے شہداء کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔‘‘ اس پروقار ماحول میں وہاں موجود تمام افراد نے خاموشی اختیار کرکے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔

یادگاری ہال کے اندر کم جونگ اُن نے تاریخی نوادرات کا مشاہدہ کیا، جن میں شہداء کی بہادری اور چین و عوامی جمہوریہ کوریا کے فوجیوں کی شانہ بشانہ لڑائی کو اجاگر کیا گیا تھا۔ انہوں نے ہال کو اپنی تحریر کے ساتھ ایک تاریخی تصویر بھی تحفے میں دی۔

ملاقات کے دوران وانگ ہوننگ نے کہا کہ امریکی جارحیت کے خلاف مزاحمت اور کوریا کی امداد کے لئے لڑی گئی جنگ میں چینی عوامی رضاکاروں کی شرکت کی 76 ویں سالگرہ کے موقع پر جنرل سیکرٹری کم جونگ اُن کا خصوصی طور پر ڈان ڈونگ کا دورہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوامی جمہوریہ کوریا کی پارٹی اور حکومت خون کے رشتے سے قائم چین۔ عوامی جمہوریہ کوریا دوستی کو کتنی اہمیت دیتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ دورہ بہت اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ اس سے نہ صرف چین اور عوامی جمہوریہ کوریا کی روایتی دوستی کو آگے بڑھانے اور عوامی سطح پر اس دوستی کی حمایت مضبوط بنانے میں مدد ملے گی، بلکہ باہمی سیاسی اعتماد میں اضافہ اور تعاون و ترقی کو فروغ بھی ملے گا۔

وانگ ہوننگ نے کہا کہ گزشتہ سال ستمبر اور رواں سال جون میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے جنرل سیکرٹری شی جن پھنگ اور ورکرز پارٹی آف کوریا کے جنرل سیکرٹری کم جونگ اُن نے ایک دوسرے کے ممالک کے تاریخی دورے کئے اور متعدد اہم امور پر اتفاق رائے حاصل کیا۔ ان دوروں اور اتفاق رائے نے چین اور عوامی جمہوریہ کوریا کے روایتی دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات کو ایک نئے تاریخی دور میں داخل کرنے کی رہنمائی کی۔

وانگ نے کہا کہ چین عوامی جمہوریہ کوریا کے ساتھ مل کر دونوں ممالک اور دونوں جماعتوں کی اعلیٰ قیادت کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے پر ثابت قدمی سے عملدرآمد کرنے اور مشترکہ سوشلسٹ مقصد کو باہمی تعلقات کی بنیاد بنا کر دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لئے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین اور عوامی جمہوریہ کوریا کے درمیان دریائے یالو پر نئے پل کی تعمیر و افتتاح کو دونوں ممالک کے عوام کے باہمی رابطوں اور تجارتی تعاون کو وسعت دینے اور دونوں ملکوں کے عوام کو زیادہ فائدہ پہنچانے کے موقع کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک کی خودمختاری، سلامتی اور ترقی کے تحفظ کے لئے پرامن اور مستحکم بیرونی ماحول کو یقینی بنانے کی غرض سے تزویراتی رابطوں اور باہمی تعاون کو مضبوط بنایا جائے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں