ابوظبی (لارڈ میڈیا): متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کیلئے ای پاسپورٹ کا اجرا کر دیا گیا ہے۔ ابوظبی میں پاکستانی سفارتخانے اور دبئی میں قونصل خانے نے 23 اکتوبر 2026 سے ای پاسپورٹ کی کارروائی شروع کر دی ہے۔
جاری شدہ اعلامیہ کے مطابق، پہلے سے جاری کارآمد مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ اپنی میعاد ختم ہونے تک قابل استعمال رہیں گے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پاسپورٹ کی تجدید کیلئے اس وقت درخواست دیں جب اس کی میعاد میں 6 ماہ سے کم وقت باقی رہ جائے۔
ای پاسپورٹ کیلئے درخواست گزار کے نام میں پہلا اور آخری نام ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ جن کے موجودہ پاسپورٹ پر صرف ایک نام ہے، انہیں نئی درخواست دیتے وقت اس شرط کو پورا کرنا ہوگا۔
پانچ سالہ مدت کے 36 صفحات پر مشتمل پاسپورٹ کی فیس 145 درہم جبکہ دس سالہ پاسپورٹ کی فیس 215 درہم مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح 72 صفحات کے پاسپورٹ کی فیس پانچ سالہ مدت کیلئے 260 درہم اور دس سالہ مدت کیلئے 390 درہم ہے۔
فوری اجرا کی صورت میں فیس زیادہ ہوگی، جبکہ گمشدہ پاسپورٹ کی دوبارہ اجرائی پر اضافی چارجز لاگو ہوں گے۔ متحدہ عرب امارات میں 20 لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں جو ترسیلات زر کے ذریعے پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔


