ہومتازہ ترینامریکی محکمہ خارجہ کی سعودی عرب کے تمام بڑے ہوائی اڈوں پر...

امریکی محکمہ خارجہ کی سعودی عرب کے تمام بڑے ہوائی اڈوں پر انتہائی احتیاط برتنے کی ہدایت

واشنگٹن (شِنہوا) امریکی محکمہ خارجہ نے سعودی عرب کے تمام بڑے ہوائی اڈوں پر "انتہائی احتیاط” برتنے کی ہدایت کی ہے۔ یہ انتباہ ایک روز قبل ریاض کے شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ہونے والے حملوں کے بعد جاری کیا گیا۔

ایک سکیورٹی الرٹ کے مطابق امریکی مشن نے تمام امریکی شہریوں کو سعودی دارالحکومت کے ہوائی اڈے اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں جانے سے سختی سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

الرٹ میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب میں تعینات امریکی سرکاری ملازمین کو ریاض کے شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی ادے کے علاوہ جدہ اور دمام کے ہوائی اڈوں کو استعمال کرنے کے لئے خصوصی اجازت درکار ہے۔ اس لئے سعودی عرب کے تمام بڑے ہوائی اڈوں پر انتہائی احتیاط برتی جائے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی شہری ممکنہ طور پر پروازیں منسوخ ہونے، فضائی حدود بند کئے جانے اور سفری نظام میں خلل پڑنے کے خدشات سے آگاہ رہیں۔

دریں اثنا خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکی وفاقی ادارہ برائے ہوا بازی (ایف اے اے) نے اتوار کے روز امریکی فضائی کمپنیوں کو ہدایت کی کہ وہ سعودی عرب جانے والی یا اس کی فضائی حدود سے گزرنے والی پروازوں کے دوران احتیاط برتیں۔ ادارے نے جاری فوجی سرگرمیوں اور نیوی گیشن نظام میں مداخلت سے متعلق حفاظتی خطرات کا حوالہ دیا۔

ایف اے اے کے حوالے سے کہا گیا کہ ان خطرات کے باعث بلندی پر پرواز کرنے والے طیاروں کو ممکنہ خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، جن میں فضائی حدود سے گزرنے، لینڈنگ کے لئے پہنچنے اور ٹیک آف کے مراحل شامل ہیں۔ ادارے نے اس صورت حال کو ممکنہ طور پر خطرناک قرار دیتے ہوئے خبردار کیا۔

یہ تازہ انتباہات ہفتے کے روز ریاض کے شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حوثی حملے کے بعد سامنے آئے، حملے میں 12 افراد جاں بحق اور 309 زخمی ہوئے تھے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں