بیجنگ (شِنہوا) ہائی ٹیک مینوفیکچرنگ اور ترقی کے نئے محرکات میں تیزی سے توسیع کے باعث چین کے صنعتی منافع میں 2026 کے پہلے 8 ماہ کے دوران مسلسل 2 ہندسوں کی شرح سے اضافہ ہوا۔
قومی ادارہ شماریات (این بی ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق 2026 کے پہلے 8 ماہ میں مقررہ حد سے زیادہ کاروباری حجم رکھنے والے صنعتی اداروں کے منافع میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 15.7 فیصد اضافہ ہوا۔
کم از کم 2 کروڑ یوآن (تقریباً 29 لاکھ 70 ہزار امریکی ڈالر) سالانہ بنیادی آمدن والے ان صنعتی اداروں نے جنوری سے اگست کے دوران مجموعی طور پر 52.7 کھرب یوآن منافع حاصل کیا۔
3 بڑے شعبوں میں کان کنی کی صنعت کے منافع میں 35.1 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 766.15 ارب یوآن تک پہنچ گیا جبکہ مینوفیکچرنگ کے منافع میں 17.4 فیصد اضافہ ہوا اور یہ تقریباً 39.7 کھرب یوآن تک پہنچ گیا۔ بجلی، حرارت، گیس اور پانی کی پیداوار اور فراہمی کے شعبے کے منافع میں 12 فیصد کمی ہوئی اور یہ 536.3 ارب یوآن رہا۔
این بی ایس کے ماہر شماریات یو وے ننگ نے منافع میں نسبتاً تیز رفتار اضافے کی وجہ صنعتی پیداوار میں مسلسل پیش رفت اور صنعتی مصنوعات کی قیمتوں میں وسیع تر اضافے کو قرار دیا۔
یو نے الیکٹرانکس کے شعبے کو بنیادی ستون قرار دیتے ہوئے بتایا کہ اس شعبے کے منافع میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 110 فیصد اضافہ ہوا جس نے صنعتی اداروں کے مجموعی منافع کے اضافے میں 62 فیصد حصہ ڈالا۔


