اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پاکستان نے اپنا پہلا قومی اقتصادی مشن شروع کر دیا ہے جس کا ہدف 2030 تک برآمدات کو 63 ارب ڈالر اور 2035 تک 100 ارب ڈالر تک لے جانا ہے۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیرصدارت اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں برآمدی معیشت کے فروغ کے لئے مربوط روڈ میپ تشکیل دینے پر غور کیا گیا۔
احسن اقبال نے کہا ہے کہ برآمدات کا مقصد معاشی ہدف سے بڑھ کر پاکستان کی معاشی خودمختاری اور قومی بقا کا سوال ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں قرض لینے کی بجائے اپنے مستقبل کے لئے خود کمانا ہوگا۔ مشن کے تحت برآمدات میں تنوع، صنعتی پیداواریت، معیار، جدت، برانڈنگ، مارکیٹ تک رسائی، کلسٹرز کی ترقی اور عالمی ویلیو چینز سے انضمام پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔


