چارسدہ (لارڈ میڈیا) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملک کے امن و امان اور استحکام کو کسی صورت سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے فیڈرل کانسٹیبلری ٹریننگ سینٹر شب قدر کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اینٹی رائٹ فورس کو جدید خطوط پر تربیت دی گئی ہے اور وہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے اور قانون نے اس کا طریقہ کار متعین کر رکھا ہے۔ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے پرامن احتجاج پر کسی کو اعتراض نہیں ہوگا اور ریاست اپنی ذمہ داری کو پورا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔ امن و امان کی موجودہ صورتحال میں فیڈرل کانسٹیبلری کا کردار انتہائی اہم ہے اور انہیں ہر قسم کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار رہنا ہوگا۔
وزیر داخلہ نے ایف سی ہیڈکوارٹر میں جوانوں کو گیس ماسک فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کھیلوں کی بہترین سہولتوں کا اعلان کیا، جس میں عالمی معیار کا سوئمنگ پول بھی شامل ہوگا۔


