کوئٹہ (لارڈ میڈیا) بلوچستان کی پہلی خاتون کرکٹ کوچ خیرالنساء صوبے کی بیٹیوں کو کھیل کے میدان میں آگے لانے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ خیرالنساء نے روایتی و ثقافتی رکاوٹوں کو توڑتے ہوئے یہ مقام حاصل کیا ہے۔ ان کی موجودگی سے نوجوان کرکٹرز کے اعتماد اور حوصلے کو نئی تقویت مل رہی ہے۔
خیرالنساء بلوچ نے کہا کہ انہیں بلوچستان کی پہلی خاتون کرکٹ کوچ ہونے کا اعزاز حاصل ہے جو ان کے لیے باعث فخر ہے۔ انہوں نے پاک فوج کی خواتین کو کھیلوں میں مواقع فراہم کرنے کی کوششوں کو سراہا۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کا مقصد بلوچستان کی باصلاحیت بیٹیوں کو قومی اور عالمی کرکٹ کے میدان تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کی تربیت سے کوئی کھلاڑی قومی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرے تو یہ ان کی بڑی کامیابی ہوگی۔
کرکٹ اکیڈمی کی کھلاڑیوں نے کہا کہ ان کی کوچ خیرالنساء کی نگرانی میں انہیں اپنی صلاحیتیں بہتر بنانے کے بہترین مواقع ملتے ہیں۔ خیرالنساء نے ثابت کیا کہ عزم، محنت اور جستجو سے کوئی بھی منزل حاصل کی جا سکتی ہے۔


