کراچی (لارڈ میڈیا): اکبر بگٹی کے پوتے کی گیس رائیلٹی کی درخواست منظور کرتے ہوئے عدالت نے او جی ڈی سی ایل کو 78 کروڑ روپے کی ادائیگی کا حکم دیا ہے۔ سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے یہ فیصلہ سناتے ہوئے سنگل بینچ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ او جی ڈی سی ایل نے 2016 سے رائیلٹی روک رکھی ہے۔ آل بگٹی نے 2011 سے 2016 کی رائیلٹی کے لیے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا، جس پر عدالت نے فیصلہ سنایا۔
درخواست کے مطابق سنگل بینچ نے درخواست مسترد کرتے ہوئے نیا سکسیشن سرٹیفکیٹ فائل کرنے کی ہدایت کی تھی۔ وکیل محمد فاروق کے مطابق او جی ڈی سی ایل اور زونگ خان بگٹی کے درمیان گیس رائیلٹی کا معاہدہ تھا۔
وکیل محمد فاروق نے بتایا کہ نواب زونگ خان بگٹی کا 3 مارچ 1995 کو فلوریڈا میں انتقال ہوا تھا، اور او جی ڈی سی ایل 2011 تک رائیلٹی جاری کرتی رہی۔ تاہم، رائیلٹی رکنے پر آل بگٹی نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔
آئینی عدالت نے او جی ڈی سی ایل کو 78 کروڑ 90 لاکھ 92 ہزار 99 روپے ادا کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔


