لاہور (لارڈ میڈیا) : لاہور میں بیرون ملک ورک ویزا حاصل کرنے کے خواہشمند 187 افراد سے مبینہ طور پر 6 کروڑ روپے کے فراڈ کا الزام سامنے آیا ہے۔ متاثرین نے لاہور پریس کلب کے باہر احتجاج کیا ہے۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ سنگھ پورہ لاہور میں قائم سکل بریج ٹریول ٹورز اینڈ ویزا کنسلٹنٹس کے مالکان عثمان اور جاوید الرحمان نے آذربائیجان کے ورک ویزے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے فی کس وصول کیے اور مبینہ طور پر غائب ہوگئے۔
فراڈ کا شکار ہونے والوں میں لاہور، فیصل آباد، کراچی، اور سکھر سمیت ملک کے مختلف علاقوں کے افراد شامل ہیں۔ کمپنی نے ورک ویزوں کے ساتھ ساتھ پاسپورٹس اور ایئر ٹکٹس کے نام پر بھی رقم وصول کی، تاہم وعدے پورے نہ کیے۔
متاثرین کے مطابق انہوں نے دو ماہ قبل ایف آئی اے کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ ونگ میں درخواستیں جمع کرائیں، لیکن تاحال کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔
متاثرین نے حکومت اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے مطالبہ کیا ہے کہ مبینہ طور پر فراڈ میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے اور ان کے شناختی کارڈز، پاسپورٹس اور بینک اکاؤنٹس منجمد کیے جائیں تاکہ وہ فرار نہ ہوسکیں۔


