جدہ (لارڈ میڈیا) حوثی باغیوں کے حملے میں جاں بحق ہونے والے دو پاکستانی شہریوں کی میتیں اور زخمی ہونے والے چھ پاکستانیوں کو وطن روانہ کردیا گیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں عمیر افضل اور محمد اکرم شامل ہیں جن کی میتیں یمن سے سعودی عرب منتقل کی گئیں اور پھر سعودی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے جدہ سے کراچی روانہ کی گئیں۔
حملے میں زخمی ہونے والے ظہیر احمد، محمد امیر حمزہ، امتیاز علی، محمد عابد علی، محمد رضوان اور محمد وحید کو پی آئی اے کی پروازوں کے ذریعے جدہ سے اسلام آباد اور کراچی روانہ کیا گیا۔
جدہ ایئرپورٹ پر پاکستان کے قونصل جنرل سید مصطفیٰ ربانی نے دیگر حکام کے ہمراہ میتوں اور زخمی پاکستانیوں کو وطن روانہ کیا۔ اس موقع پر قونصل جنرل اور حکام نے زخمی پاکستانیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
حکام کے مطابق متاثرہ پاکستانیوں کی وطن واپسی کے عمل میں متعلقہ اداروں اور پاکستانی سفارتی حکام نے معاونت فراہم کی۔


