گوادر (لارڈ میڈیا): مکران کوسٹل ہائی وے این-10 پر اورماڑہ کے علاقے سرپٹ میں کار اور گیس باؤزر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ایس پی کوسٹل ہائی وے پولیس اسلم بنگلزئی کے مطابق، حادثہ اس وقت پیش آیا جب ٹویوٹا کرولا تربت سے کراچی کی جانب جا رہی تھی اور باؤزر کراچی کی سمت رواں تھا۔ تصادم کے باعث کار میں سوار تمام 6 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جن میں 2 مرد، 2 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں۔
پولیس نے فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں مکمل کیں اور ٹریفک کی روانی بحال کی۔ ایس پی کوسٹل ہائی وے نے کہا کہ حادثے کے بعد ٹریفک دونوں اطراف سے جاری ہے۔
واضح رہے کہ مکران کوسٹل ہائی وے این-10 بلوچستان کی اہم شاہراہوں میں شامل ہے جہاں بھاری گاڑیوں کی آمدورفت کے باعث حادثات کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔


