آزاد کشمیر (لارڈ میڈیا): مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ ن پر اعتماد کیا ہے اور اس اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے آزاد کشمیر کو پنجاب کی طرح ترقی دینے کا وعدہ کیا ہے۔
نواز شریف نے آزاد کشمیر پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام پنجاب کی ترقی کی طرف دیکھ رہے ہیں اور ہم وہاں کے مسائل ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو مبارکباد دی اور کہا کہ آزاد کشمیر میں پہلے دو مرحلوں میں ہمیں اکثریت مل چکی ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ اپنے سیاسی مخالفین کے ساتھ اچھا سلوک کیا ہے اور سیاسی مخالفت کو دشمنی میں تبدیل نہیں کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں زیادہ سے زیادہ فنڈز دینے چاہئیں تاکہ سڑکیں بن سکیں اور صنعتوں کو فروغ حاصل ہو۔ آزاد کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود ہماری ترجیح ہونی چاہیے۔
آزاد کشمیر کے طلبہ کو لیپ ٹاپس اور اسکالرشپس ملنی چاہئیں تاکہ نوجوانوں کو تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی کے بہتر مواقع میسر آسکیں۔
نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں ترقی کی بنیاد شہباز شریف نے رکھی جسے وزیراعلیٰ مریم نواز نے آگے بڑھایا۔ اسی طرز پر آزاد کشمیر میں بھی ترقیاتی عمل کو آگے بڑھایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت کو ہیلی کاپٹر ضرور دیا جائے تاکہ دشوار گزار علاقوں تک رسائی اور عوامی و انتظامی امور میں سہولت پیدا ہوسکے۔


