ممبئی (لارڈ میڈیا): بھارتی اداکارہ راکھی ساونت کی پاکستانی رئیلٹی شو ‘تماشا سیزن 5’ میں بڑھتی دلچسپی نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کر لی ہے۔ راکھی ساونت نے مختلف وائرل لمحات پر ردعمل دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر اپنی موجودگی کا احساس دلایا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ پاکستانی شو کی مداح بنتی جا رہی ہیں۔
حال ہی میں شو کے امیدوار ببرک شاہ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں انہیں گھر کی تلخ بحث کو مزاحیہ انداز میں حل کرتے دکھایا گیا۔ راکھی ساونت نے اس ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے ببرک شاہ کو ‘میل ورژن آف راکھی ساونت’ قرار دیا۔
راکھی کے اس تبصرے نے صارفین کی توجہ حاصل کی کیونکہ وہ خود بھی بھارتی رئیلٹی ٹی وی میں بے باک، ڈرامائی اور مزاحیہ انداز کے لیے مشہور ہیں۔
اس سے قبل بھی شو کے امیدوار ڈاکٹر زی خان اور اسرا عائشہ کے درمیان ہونے والی گرما گرم بحث کی ویڈیو پر راکھی نے ہنستے ہوئے ایموجیز کے ساتھ ‘ڈاکٹر زی یو آر ٹو مچ’ لکھ کر دلچسپ تبصرہ کیا تھا۔


