لاہور (لارڈ میڈیا) پنجاب بھر میں 15 اگست تک موسلادھار بارشوں کا امکان ہے، جس کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کیا ہے۔ لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، لیہ، بھکر، نورپور تھل، ساہیوال، پاکپتن، بہاولنگر، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں بارشیں متوقع ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں شدید بارش کے باعث شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی اور پوٹھوہار ریجن میں بھی بارش متوقع ہے، جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں اچانک سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے، اس دوران مقامی برساتی اور پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے، چترال، سوات، شانگلہ، بٹگرام، اپر و لوئر دیر، کوہستان اور ایبٹ آباد میں سیلابی صورتحال متوقع ہے۔
مانسہرہ، ہری پور، باجوڑ، بونیر، کرم، مردان، نوشہرہ کے ندی نالوں میں بھی سیلاب کا خطرہ ہے، حویلی، پونچھ اور سدھنوتی میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے، خرمنگ، گھانچے، گلگت، نگر، دیامر، ہنزہ، غذر، استور میں بھی اچانک سیلاب آسکتا ہے۔


