اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پاکستان میں آج پیٹرول کی قیمت 336 روپے 03 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 392 روپے 38 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ یہ نئی قیمتیں 3 اگست تک برقرار رہیں گی۔ حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 12 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 66 پیسے فی لیٹر کی کمی کی ہے۔
حالیہ دنوں میں پیٹرول کی قیمت میں تین بار کمی اور چھ بار اضافہ ہوا، جبکہ ایک دن قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ دوسری طرف، ڈیزل کی قیمت میں پورے عرصے کے دوران صرف ایک بار معمولی کمی کی گئی جبکہ آٹھ بار اضافہ ہوا۔
20 جولائی کو پیٹرول کی قیمت میں 35 پیسے کی کمی اور ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 71 پیسے کا اضافہ کیا گیا۔ اس کے بعد 21 سے 24 جولائی تک قیمتوں میں روزانہ اضافہ ہوتا رہا۔ 25 جولائی کو قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، جبکہ 27 جولائی کو پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے کی کمی اور ڈیزل کی قیمت میں مزید 3 روپے 37 پیسے کا اضافہ ہوا۔
28 جولائی کو پیٹرول اور ڈیزل دونوں کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ کیا گیا۔ 29 جولائی کو پیٹرول 75 پیسے سستا ہوا مگر ڈیزل کی قیمت میں مزید 2 روپے 24 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ 30 جولائی کو بھی دونوں مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا، جس کے بعد 31 جولائی کو معمولی کمی کا نوٹیفکیشن جاری ہوا۔
وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے 17 جولائی کو اعلان کیا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین اب روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کی وجہ سے یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔


