لاہور (لارڈ میڈیا): داتا دربار پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے خاتون سمیت دو مبینہ ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ ایس پی سٹی عاطف امیر نے بتایا کہ دورانِ پٹرولنگ ملزمان کو مشکوک جانتے ہوئے مختلف مقامات سے گرفتار کیا گیا اور ان کے قبضے سے 1400 گرام سے زائد چرس اور 520 گرام آئس برآمد کی گئی ہے۔
عاطف امیر نے کہا کہ ملزم علی حسن کے قبضے سے چرس جبکہ ملزمہ المعرف پٹھانی کے قبضے سے آئس برآمد ہوئی ہے۔ یہ ملزمان داتا دربار اور اس کے گرد و نواح کی تنگ گلیوں میں منشیات فروشی میں ملوث تھے۔ ان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
ایس پی سٹی نے بتایا کہ علاقے میں منشیات فروشی کے خلاف کڑی نگرانی جاری ہے اور ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے منشیات فروشوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او داتا دربار رضوان اور پولیس ٹیم کو شاباشی بھی دی۔


