بیجنگ (شِنہوا) چین نے موسم گرما اور خزاں کے دوران خدمات کے شعبے میں کھپت کو فروغ دینے کے لئے خدمات کے شعبے میں کھپت کے میلے کا آغاز کر دیا ہے۔ مارکیٹ پر مبنی یہ اقدام چائنہ انٹرنیشنل الیکٹرانک کامرس سنٹر کی سربراہی میں شروع کیا گیا ہے۔
"معیاری خدمات، بہتر زندگی” کے عنوان سے منعقد ہونے والا یہ میلہ بنیادی طور پر جولائی اور اگست پر مشتمل موسم گرما کے مہینوں کا احاطہ کرتا ہے، جبکہ ستمبر اور اکتوبر کے روایتی مصروف خریداری کے موسم تک جاری رہے گا۔
اس ایونٹ میں طرز زندگی سے متعلق متعدد بڑے سروس پلیٹ فارمز شریک ہیں، جن میں جے ڈی ڈاٹ کام، می توان، ٹرپ ڈاٹ کام گروپ، دامائی، وی چیٹ، علی پے اور دوئین شامل ہیں۔
یہ پلیٹ فارمز ڈیجیٹل اور ذہین ٹیکنالوجیز سے فائدہ اٹھاتے ہوئے صارفین کے لئے مختلف ترغیبی پیشکشیں فراہم کریں گے، جن کا دائرہ کار خوراک و رہائش، گھریلو خدمات، نقل و حمل، گاڑیوں کی دیکھ بھال، ثقافتی مظاہروں، سیاحت و تفریح، صحت کی خدمات اور بیرون ملک سے آنے والے صارفین کے لئے خدمات سمیت اہم شعبوں تک پھیلا ہوا ہے۔
اس فیسٹیول کا مقصد وسائل کی تقسیم کو بہتر بنانا اور طلب و رسد میں موثر ہم آہنگی پیدا کرنا ہے، جس میں خصوصی توجہ خاندانی سیاحوں، بزرگوں، کم عمر بچوں اور بیرون ملک سے آنے والے سیاحوں پر دی جائے گی۔ اس کے علاوہ اعلیٰ معیار کے ثقافتی اور سیاحتی وسائل کی بیرون ملک تشہیر، بیرون ملک سے آنے والے صارفین کے لئے رہنمائی کی خدمات میں بہتری اور بین الاقوامی سیاحوں کے لئے ادائیگی کے عمل کو مزید آسان بنایا جائے گا۔
اس اقدام کا مقصد آن لائن اور آف لائن خریداری کے مواقع کو یکجا کرنا، مختلف خدماتی شعبوں کے درمیان انضمام کو فروغ دینا اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور صنعتی معیارات کے ذریعے خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانا ہے۔


