آکرا (شِنہوا) چین کی ملکیتی آٹو موبائل اسمبلنگ اور تقسیم کار کمپنی زونڈا ٹیک گھانا لمیٹڈ نے گھانا کی مارکیٹ میں الیکٹرک ڈمپ ٹرکس کی ایک رینج متعارف کرائی ہے تاکہ ملک کے پائیدار ترقی کے ایجنڈے میں تعاون کیا جا سکے۔
چین کی معروف ٹرک ساز کمپنی سینوٹرک کے تیار کردہ ہووو وی 7 ایکس ڈمپ ٹرک چار سپیڈ آٹومیٹڈ مینوئل ٹرانسمیشن (اے ایم ٹی) اور 340 کلوواٹ موٹر سے لیس ہیں، جو 462 ہارس پاور کی طاقت فراہم کرتی ہے۔
زونڈا ٹیک گھانا لمیٹڈ کی جنرل منیجر فان ڈونگ یون نے کہا کہ کمپنی کا وژن صرف ٹرک فروخت کرنا نہیں بلکہ حالات تبدیل کرنا اور یہ ثابت کرنا ہے کہ کوئی بھی افریقی ملک عالمی معیار کی گاڑیاں تیار کر سکتا ہے۔
فان کے مطابق گھانا میں اسمبل کئے گئے یہ الیکٹرک ڈمپ ٹرک مضبوط، کثیر المقاصد اور ماحول دوست انداز میں تیار کئے گئے ہیں جو ملک میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ ٹیکنالوجی کی طرف منتقلی میں معاون ثابت ہوں گے۔
فان نے کہا ہم ایک جدید نقل و حمل، ماحول دوست توانائی اور صنعتی تبدیلی کے نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں۔ مغربی افریقہ کے لئے ماحول دوست توانائی کوئی عیاشی نہیں بلکہ یہ ایک ضرورت اور ہمارے لئے ایک موقع ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ زونڈا ٹیک گھانا-چین شراکت داری کو مضبوط کرتے ہوئے ایک ایسا ایکو سسٹم تشکیل دے رہی ہے جو موجودہ نسل سے آگے بھی قائم رہے گا۔
سینوٹرک کے گھانا، ٹوگو، بینن اور نائیجر کے سیلز منیجر ٹونگ چھینگ شو نے کہا کہ ان الیکٹرک ڈمپ ٹرکس کا مقصد تعمیراتی کمپنیوں کے بیڑے کی کارکردگی کم لاگت میں بہتر بناتے ہوئے ماحولیاتی تحفظ کو فروغ دینا ہے۔
گھانا کی معروف سول انجینئرنگ کمپنی ’بگ ایڈو کنسٹرکشن لمیٹڈ‘ نے یہ ٹرک متعارف کرائے جانے کے فوراً بعد ہی خرید لئے۔


