لاہور (لارڈ میڈیا): دورہ سری لنکا کے لیے پاکستان ویمن اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 15، 15 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈز تشکیل دیے گئے ہیں۔
ون ڈے سیریز میں فاطمہ ثناء پاکستان ویمن ٹیم کی قیادت کریں گی جبکہ ان کی غیر موجودگی میں منیبہ علی ٹی ٹوئنٹی سیریز کی کپتان ہوں گی۔ فاطمہ ثناء ون ڈے سیریز کے بعد انگلینڈ میں دی ہنڈرڈ میں شرکت کریں گی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں حصہ لینے والی ٹیم میں 8 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ایمان نصیر، حمنہ بلال، ماہم انیس، مومنہ ریاست، نجیہہ علوی، شوال ذوالفقار، ام ہانی اور وحیدہ اختر کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ ایمان نصیر، ماہم انیس اور مومنہ ریاست ٹی ٹوئنٹی میں اپنا ڈبیو کریں گی۔
ون ڈے میچز آئی سی سی ویمنز چیمپئین شپ کا حصہ ہیں اور یہ 23، 25 اور 28 جولائی کو کھیلے جائیں گے۔ ماہم انیس اور سائرہ جبین نے ون ڈے میں ابھی تک ڈبیو نہیں کیا ہے۔
پاکستان ون ڈے اسکواڈ میں فاطمہ ثناء، عائشہ ظفر، گل فیروزہ، ماہم انیس، مومنہ ریاست، منیبہ علی، نجیہہ علوی، نشرہ سندھو، صدف شمس، سائرہ جبین، سدرا امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ رباب، ام ہانی اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔
پاکستان ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں منیبہ علی، عائشہ ظفر، ایمان نصیر، ایمان فاطمہ، حمنہ بلال، ماہم انیس، مومنہ ریاست، نجیہہ علوی، نشرہ سندھو، سائرہ جبین، شوال ذوالفقار، تسمیہ رباب، طوبیٰ حسن، ام ہانی اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 23 جولائی سے 4 اگست تک کھیلی جائے گی۔


