ہومتازہ ترینپاکستان کی آئی ٹی برآمدات 4.6 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں

پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 4.6 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں

اسلام آباد (لارڈ میڈیا) پاکستان کی آئی ٹی صنعت نے مالی سال کے دوران 4.6 ارب ڈالر کی ریکارڈ برآمدات حاصل کر کے تاریخی کامیابی حاصل کی۔ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کے مطابق اس میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 21 فیصد اضافہ ہوا جبکہ تجارتی سرپلس 85 فیصد تک پہنچ گیا۔

وزارت نے بتایا کہ وزیراعظم کی خصوصی توجہ اور حکومتی سرپرستی نے آئی ٹی شعبے کو تیزی سے ترقی کرنے والا برآمدی شعبہ بنا دیا ہے۔ حکومت نے عالمی سطح پر مسابقتی بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے جن کے مثبت نتائج سامنے آئے۔

وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مطابق ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں کو جدید آئی ٹی مہارتوں کی تربیت فراہم کی گئی تاکہ ہنرمند افرادی قوت میں اضافہ ہو سکے۔ دنیا بھر میں 20 سے زائد بین الاقوامی ٹیکنالوجی نمائشوں میں پاکستان کی شرکت یقینی بنائی گئی، جہاں 250 سے زائد پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں نے اپنی مصنوعات پیش کیں۔

وزارت کے مطابق وزیراعظم کے غیر ملکی دوروں میں آئی ٹی صنعت کے نمائندوں کو شامل کیا گیا جس سے نئی عالمی منڈیوں تک رسائی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے مواقع ملے۔

حکومت نے آئی ٹی برآمد کنندگان کے لیے مراعات متعارف کرائیں جن میں فائنل ٹیکس رجیم کا تسلسل، برآمدی آمدن پر 0.25 فیصد ٹیکس کی سہولت شامل ہے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات آئی ٹی صنعت کی مسابقتی صلاحیت اور برآمدی استعداد میں اضافے کا باعث بنے۔

وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کا کہنا ہے کہ حکومت ڈیجیٹل معیشت کے فروغ اور آئی ٹی برآمدات میں مزید اضافے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں