اسلام آباد (لارڈ میڈیا): نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ دونوں وزرائے خارجہ نے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے آخری مرحلے میں داخل ہونے کا خیرمقدم کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان تاریخی الیکٹرانک دستخطی تقریب کل منعقد ہونے کی توقع ہے، جو خطے میں اہم سفارتی پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے۔
ایران نے ایم او یو پر دستخط سے متعلق نئی وضاحت جاری کی ہے۔
اسحاق ڈار نے امید ظاہر کی ہے کہ ممکنہ معاہدہ مشرقِ وسطیٰ میں مستقل امن، استحکام اور تعاون کے فروغ کا باعث بن سکتا ہے۔
سعودی وزیر خارجہ نے مذاکرات اور ثالثی کے عمل میں پاکستان کی مثبت کوششوں کو سراہتے ہوئے اس کردار کی تعریف کی۔
دونوں رہنماؤں نے مصر میں ریجنل فور اجلاس کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ سفارتی تعاون جاری رکھنے کا عزم کیا۔


