ہومپاکستاناسلام آباد ہائیکورٹ، جائیداد ویلیوایشن کیس، صدر و ٹیکس محتسب فیصلوں کیخلاف...

اسلام آباد ہائیکورٹ، جائیداد ویلیوایشن کیس، صدر و ٹیکس محتسب فیصلوں کیخلاف درخواست پر فریقین کو نوٹس ارسال

اسلام آباد ہائیکورٹ نے جائیدادوں کی ویلیوایشن بارے وفاقی ٹیکس محتسب کے ازخود نوٹس اور صدرِ کے فیصلے کیخلاف ایف بی آر کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کردیئے۔

ہفتے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس خادم حسین سومرو نے درخواست پر سماعت کی ایف بی آر کی جانب سے وکیل حافظ احسان کھوکھر نے آئین کے آرٹیکل 199کے تحت دائر درخواست پر موقف اپنایا کہ وفاقی ٹیکس محتسب نے اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے 23مختلف مقدمات میں سفارشات جاری کیں اور غیر قانونی طور پر رئیل اسٹیٹ ویلیوایشن اور پالیسی سازی کے معاملات میں مداخلت کی۔

ایف بی آر کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ایف ٹی او آرڈیننس 2000 کی دفعہ 9(2)کے مطابق ٹیکس اسسمنٹ اور پالیسی معاملات محتسب کے دائرہ اختیار سے باہر ہیں۔

درخواست گزار کے مطابق صدرِ نے اپنے حکم میں یہ تسلیم کیا کہ وفاقی ٹیکس محتسب کا دائرہ اختیار محدود تھا تاہم اس کے باوجود یہ قرار دیا گیا کہ اس پابندی کو حتمی نہیں سمجھا جا سکتا۔

ایف بی آر نے موقف اپنایا کہ ایف ٹی او کی سفارشات اختیارات کے ناجائز استعمال کے زمرے میں نہیں آتیں، محتسب کو براہِ راست پالیسی سازی سے متعلق ہدایات دینے کا کوئی قانونی اختیار حاصل نہیں، ایف بی آر کے مطابق ریونیو ڈویژن اور ایف بی آر کو کسی انتظامی حکم کے ذریعے ان کے اختیارات سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔

استدعاء ہے کہ وفاقی ٹیکس محتسب کی سفارشات، ان پر عمل درآمد کیلئے جاری تمام نوٹسز اور صدارتی حکم نامے کو غیر قانونی قرار دیا جائے اور حتمی فیصلے تک صدارتی حکم نامے اور ایف ٹی او کی سفارشات پر عمل درآمد معطل کیا جائے۔

عدالت نے تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی۔

Authors

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں