وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کیلئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے، یہ ہدایت وزیراعظم نے ملک میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کے فروغ سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی، اجلاس میں الیکٹرک وہیکلز کے فروغ کیلئے جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ملک میں الیکٹرک وہیکلز کے فروغ کیلئے جاری اقدامات میں مزید تیزی لائی جائے، موجودہ علاقائی صورتحال اور مستقبل کی ضروریات کے پیش نظرای وی گاڑیوں کا فروغ نہ صرف ایندھن کی درآمدی لاگت میں کمی کا باعث بنے گا بلکہ ماحولیاتی تحفظ اور توانائی کے تحفظ کیلئے بھی نہایت اہم ہے، انہوں نے قومی ای وی پالیسی کے تحت کم آمدنی والے افراد کو فراہم کی جانیوالی الیکٹرک موٹر سائیکلوں کی سبسڈی میں شفافیت یقینی بنانے اور سکیم کے نفاذ کو مزید تیز کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کیلئے متعدد اقدامات جاری ہیں، الیکٹرک موٹر سائیکل اور رکشہ بنانے کیلئے 72جبکہ الیکٹرک گاڑیوں کیلئے 4 مینوفیکچرنگ سرٹیفیکیٹ جاری کئے جا چکے ہیں، ای وی چارجنگ سٹیشنز کے قیام کیلئے اب تک 123درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، آئندہ پانچ برس میں ملک کی 30 فیصد گاڑیوں کو بجلی پر منتقل کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جس سے اندازا 4.5 ارب ڈالر تک ایندھن کی بچت ممکن ہوگی، گریڈ 16تک کے سرکاری ملازمین کو آسان اقساط پر الیکٹرک بائیکس فراہم کرنے کی سکیم پر کام جاری ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء ڈاکٹر مصدق ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، اویس خان لغاری، احسن اقبال، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر، چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔


