امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کیساتھ ڈیل جلد ہو جائیگی، جلد بازی میں کوئی بری ڈیل نہیں کرینگے، انہوں نے ڈیل ہونے تک ایران کی بحری ناکہ بندی برقرار رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ جے ڈی وینس، سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر اسلام آباد جا رہے ہیں، ایران سے جو معاہدہ کرنے جا رہے ہیں وہ اوباما کے جوہری معاہدے سے بہتر ہوگا، دنیا فخر کریگی، بدھ تک ڈیل نہ ہوئی تو جنگ یقینی ہے، انہوں نے ایران کیساتھ ڈیل کیلئے کسی دبائو میں ہونے سے متعلق میڈیا کی خبروں کو بھی غلط قرار دیا۔
ٹرمپ نے ڈیموکریٹس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں کمزور اور غدار قرار دیا اور کہا کہ ڈیموکریٹس امریکی فوج اور ٹرمپ انتظامیہ کی کامیابیوں کو کم ظاہر کر رہے ہیں، وہ جنگ بہت بڑے پیمانے پر جیت رہے ہیں، فیک نیوز میڈیا ایران کی جیت کی دعائیں کر رہا ہے لیکن ایسا نہیں ہوگا۔
امریکی صدر نے کہا کہ آپریشن مڈ نائٹ ہیمر میں ایران کی جوہری تنصیبات کو مکمل طور پر تباہ کر دیا تھا، ایرانی جوہری تنصیبات کی بحالی ایک طویل اور مشکل عمل ہوگا۔
انہوں نے ٹروتھ سوشل پر بھی لکھا کہ جھوٹی خبریں پھیلانے والا سی این این او دیگر میڈیا پلیٹ فارمز ہمارے عظیم پائلٹس کو کریڈٹ نہیں دیتے، بدعنوان میڈیا ہمیشہ ہمارے پائلٹس کی تذلیل اور توہین کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
ادھر وائٹ ہاؤس نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ٹرمپ امریکا کو ایران کیساتھ ایک اور تباہ کن ڈیل میں نہیں دھکیلیں گے، امریکی صدر کے ماتحت ڈیل ہوئی تو وہ امن، سلامتی کی گارنٹی دیگی، اگر کوئی ڈیل ہوئی تو صرف اسرائیل، مشرق وسطیٰ نہیں بلکہ یورپ امریکا سمیت ہر جگہ امن ہوگا۔


