وزیراعظم شہباز شریف نے خواتین کو اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے مواقع فراہم کرنے کیلئے حکومت کے پختہ عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ ہی پائیدار ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔
خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے پاکستان اور دنیا بھر کی خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے وہ اس دن کی مناسبت سے خواتین کیلئے جذب خیر سگالی کا اظہار بالخصوص پاکستانی خواتین، ماں بہنوں، بیٹیوں کو سلام اور مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قوم کی مجموعی ترقی و خوشحالی کو خواتین کیلئے یکساں مواقع اور بامعنی شمولیت ہی یقینی بناتی ہے، خواتین کی محنت، عزم و ہمت اور زندگی کے ہر شعبے میں گراں قدر خدمات ہمارے لئے من حیث القوم باعث فخر اور باعث تقویت ہیں، خواتین نہ صرف خاندان بلکہ معاشرہ اور قوم کی مثبت اقدار پر مبنی بنیاد میں کلیدی حیثیت رکھتی ہیں، تعلیم سے کھیل تک، گھروں سے حکومت تک، پاکستانی خواتین کی استقامت اور کامیابیاں ایک مضبوط اور خوشحال ملک کی تعمیر میں انقلابی کردار ادا کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم، سپیکر سمبلی، وزارت اعلیٰ کے عہدوں سے عدلیہ، قانون نافذ کرنیوالے اداروں، صحت، تعلیم، کاروبار اور مسلح افواج تک، خواتین نے آنیوالی نسلوں کیلئے نئی راہیں ہموار کی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان کا عزم پختہ ہے کہ ایسا ماحول یقینی بنایا جائے جہاں خواتین کسی بلا امتیاز و خوف اپنی مکمل صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکیں، پاکستان میں حقوق نسواں کے قانونی تخفظ کیلئے موثر قانون سازی موجود ہے جو ہراسانی اور استحصال کیخلاف قومی عزم کامظہر ہے۔
خواتین کی معیاری تعلیم تک رسائی، مالی شمولیت، خواتین کاروباری شخصیات کی حمایت، کام کی جگہوں پر تحفظ اور ہراسانی و تشدد کیخلاف موثر اقدامات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔
انہوں نے دعوت دی آئیے ہم سب ملکر ایسا معاشرہ تشکیل دیں جہاں ہر عورت کو عزت، وقار اور ترقی کے مساوی مواقع حاصل ہوں تاکہ پاکستان ایک زیادہ منصفانہ، ترقی یافتہ اور جامع مستقبل کی طرف بڑھ سکے


