اسلام آباد: صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کے شدت پسندانہ ہندوتوا نظریئے سے پورے خطے کو خطرات لاحق ہیں،ملکی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے اور خود کفیل بنانے پر توجہ دینا ہوگی۔ذرائع کے مطابق عید الاضحی پر صدر مملکت سے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور ورکرز نے ملاقات کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ پاکستان میں ترقی کرنے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے، کسانوں کو سپورٹ کر کے ملکی معیشت کو ترقی دی جاسکتی ہے ، زراعت ہماری معیشت کی بنیاد ہے۔
صدر نے خوشحالی کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے ملک اور دھرتی سے وفا کرنی ہے، ترقی کیلئے کام کرنا ہے، ملکی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے اور خود کفیل بنانے پر توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں خصوصا مسلمانوں اور عیسائیوں کو تعصب اور ظلم کا سامنا ہے۔بھارت کے شدت پسندانہ ہندوتوا نظریئے سے پورے خطے کو خطرات لاحق ہیں۔