ادیس ابابا (شِنہوا) ایتھوپیا میں چین کی تعمیر کردہ لیمی نیشنل سیمنٹ فیکٹری ملک کی سب سے بڑی فیکٹری ہے، یہ روزانہ 10 ہزار ٹن پیداوار کی صلاحیت کی حامل ہے اور یہ مشرقی افریقی ملک کے تعمیراتی شعبے میں انقلاب لانے، اقتصادی ترقی، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور صلاحیت بڑھانے کے حوالے سے قابل تعریف ہے۔
ویسٹ انٹرنیشنل ہولڈنگ، ویسٹ چائنہ سیمنٹ کی افریقی شاخ، اور ایسٹ افریقن ہولڈنگ کمپنی کے درمیان ایک مشترکہ منصوبے کے طور پر، یہ جدید ترین فیکٹری ایتھوپیا کی صنعتی تبدیلی کی کوششوں کے لیے تیزی سے ایک اہم سنگ میل بنتی جا رہی ہے۔
ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا سے تقریباً 120 کلومیٹر شمال میں امہارا کے علاقے کے لیمی ٹاؤن شپ میں یہ فیکٹری چین کی بڑی تعمیراتی کمپنی سائنو ما کنسٹرکشن نے تعمیر کی ہے۔
کمپنی نے کہا ہے کہ اس فیکٹری نے ستمبر 2024 میں اپنے افتتاح کے بعد سے مارکیٹ میں 7لاکھ ٹن سے زیادہ سیمنٹ فراہم کیا ہے جو ملک کی مجموعی سیمنٹ کی فراہمی کا ایک تہائی سے زیادہ ہے۔
اس فیکٹری کو ایتھوپیا میں طویل عرصے سے جاری سیمنٹ کی کمی کو نمایاں طور پر کم کرنے اور مارکیٹ کی قیمتوں کو مستحکم کرنے کے لیے وسیع پیمانے پر سراہا گیا ہے، یہ ملک کی مجموعی اقتصادی ترقی اور خاص طور پر تعمیراتی شعبے کو فروغ دے رہی ہے۔
یہ ایتھوپیا اور خاص طور پر اس کی بڑھتی ہوئی نوجوان آبادی کی صلاحیت سازی کو بھی بڑھا رہی ہے۔
