اسلام آباد: وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلی ،آبادی میں اضافے جیسے مسائل کا سامنا ہے، اقوام متحدہ اور ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ تعاون جاری رکھا جائے گا ۔جاری بیان کے مطابق منگل کو وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈنیٹر نے ملاقات کی جس میں قرضوں کے انتظام، تنظیم نو اور ماحولیاتی فنانسنگ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرخزانہ نے پائیدار ترقی کیلئے ترقیاتی شراکت داروں کے تعاون کی ضرورت پر زور دیا اور پاکستان اور عالمی بینک کے 10سالہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کا حوالہ دیا ۔ملاقات میں معاشی استحکام اور کلیدی اقتصادی اشاریوں میں بہتری پر روشنی ڈالی گئی۔
ماحولیاتی فنانسنگ اور سبز توانئی کے فروغ پر گفتگو کی گئی۔ وزیرخزانہ نے کہا کہ نجی شعبے کا طویل مدتی اورپائیدار ترقی میں کلیدی کردار ہے۔ملاقات میں نوجوانوں کو کاروباری صلاحیتوں سے آراستہ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلی ،آبادی میں اضافے جیسے مسائل کا سامنا ہے،اقوام متحدہ اور ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ تعاون جاری رکھا جائے گا ۔