یروشلم (شِنہوا) اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ شمالی مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک چیک پوسٹ پر فائرنگ کے حملے میں 2 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔
فوج نے منگل کے روز بیان میں ایک ہلاک فوجی کی شناخت 39 سالہ ریزرو فوجی اوفر ینگ کے طور پر کی ہے جو تل ابیب کے رہائشی تھے اور 8211 ویں بٹالین میں ایک اسکواڈ کمانڈر تھے، یہ ایک انفنٹری یونٹ ہے جو زیادہ تر شمال مغربی کنارے میں کام کرتی ہے۔
فوج کا کہنا ہے کہ ایک اور فوجی بھی ہلاک ہو ا ہے تاہم اس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی اور بتا یا گیا ہےکہ اس کا نام ابھی اشاعت کے لیے منظوری کے انتظار میں ہے۔
فوج نے قبل ازیں تعداد پر نظرثانی کی اور کہا کہ 2 مزید ریزرو فوجی شدید زخمی ہوئے ہیں جبکہ 6 دیگر معمولی زخمی ہیں۔
ابتدائی فوجی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ فوجی واسکٹ پہنے ہوئے ایم-16 رائفل سے مسلح ایک فلسطینی حملہ آور رات کے وقت مغربی کنارے کے تایا سر گاؤں کے قریب چیک پوسٹ کے باہر ایک داخلی دروازے پر پہنچا۔ اس نےاسرائیلی فوجیوں کا انتظار کیا اور علی الصبح ان پر فائرنگ کر دی۔
حماس اور فلسطینی اسلامی جہاد نے حملے کی ستائش کی ہے تاہم اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
