چین کے صدر شی جن پھنگ ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم سے بیجنگ میں ملاقات کررہے ہیں-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کے صدر شی جن پھنگ نے بیجنگ میں ملائیشیا کے وزیراعظم انورابراہیم سے ملاقات کی اور دونوں ملکوں پر زور دیا کہ وہ سفارتی تعلقات کے قیام کی 50 ویں سالگرہ کے موقع سے فائدہ اٹھائیں تاکہ مشترکہ مستقبل کے حامل چین۔ملائیشیا معاشرے کو فروغ دیا جاسکے۔
چینی صدر شی جن پھنگ نے چین اور ملائیشیا کو اچھے ہمسایہ، اچھے دوست اور اچھے شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال مارچ میں وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد انور ابراہیم کے پہلے دورہ چین کے بعد سے دونوں ممالک نے ہر سطح پر قریبی روابط اور تبادلوں کو برقرار رکھا ہے اور تمام محاذوں پر اعلیٰ معیار کے ساتھ باہمی مفید تعاون کو فروغ دیا ہے جس سے دونوں ممالک کے عوام کو ٹھوس فوائد حاصل ہوئے ہیں۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ چین ملائیشیا کی معیاری اور خصوصی مصنوعات لانے کے لئے چین بین الاقوامی درآمدی نمائش کے پلیٹ فارم کا اچھا استعمال کرتے ہوئے ملائیشیا کا خیرمقدم کرتا ہے۔ چین ملائیشیا کے ساتھ اعلیٰ تعلیم، ثقافت، سیاحت سمیت نوجوانوں اور مقامی حکومتوں میں تبادلوں اور تعاون کو گہرا کرنے جبکہ عوامی سطح پر تعلقات کو مضبوط بنانے کا بھی خواہاں ہے۔
چینی صدرنے مزید کہا کہ چین اگلے سال جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) کی صدارت سنبھالنے میں ملائیشیا کی حمایت کرتا ہے اور ترقی میں علاقائی تعاون کے مرکزی دھارے کو برقرار رکھنے کے لئے آسیان کی مرکزیت اور تزویراتی آزادی کی حمایت کرتا ہے۔
اس موقع پر ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے کہا کہ ملائیشیا کی حکومت چین کے ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل معیشت اور توانائی جیسے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کے لئے پرعزم ہے۔
ملائیشیا کے وزیراعظم نے کہا کہ ملائیشیا اور چین متعدد اہم بین الاقوامی اور علاقائی مسائل پر یکساں موقف رکھتے ہیں۔ ملائیشیا علاقائی امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے تحفظ میں مدد کے لئے چین کے ساتھ قریبی کثیرجہتی تعاون برقرار رکھنے کا خواہاں ہے۔