چینی وزیراعظم چین اور اے ڈی بی میں تعاون کے فروغ کے لئے پرعزم

چینی وزیراعظم لی چھیانگ جنوب مغربی صوبے یوننان میں 8 ویں عظیم می کونگ ذیلی خطہ سربراہ اجلاس میں شرکت کے لئے موجود ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر ماست سوگو اساکاوا سے مصافحہ کر رہے ہیں-(شِنہوا)

کونمنگ(شِنہوا)چینی وزیراعظم لی چھیانگ نے امید ظاہر کی ہے کہ چین اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) ترقی پر توجہ مرکوز رکھتے ہوئے دو طرفہ تعاون کی سرحدوں کو وسعت دیں گے۔

لی چھیانگ نے کونمنگ میں عظیم می کونگ ذیلی خطہ سربراہ اجلاس میں شرکت کے لئے آئے ہوئے اے ڈی بی کے صدر ماست سوگو اساکاوا سے ملاقات میں کہا کہ چین دنیا کا سب سے بڑا ترقی پذیر ملک ہے۔ اے ڈی بی کثیر جہتی ترقیاتی ادارہ ہے جو ایشیا اور بحرالکاہل میں مشترکہ ترقی کے لئے پر عزم ہے۔

چینی وزیراعظم نے کہا کہ چین اے ڈی بی کے ساتھ ماحولیاتی تحفظ، ماحول دوست اور کاربن کے کم اخراج کی حامل ترقی، بزرگوں کی دیکھ بھال اور علاج معالجہ کے شعبوں میں مالیاتی تعاون مضبوط بنانے کے لئے پر عزم ہے۔ چین ابھرتی ہوئی صنعتوں کی ترقی، مالیاتی اور ٹیکس نظام میں اصلاحات اور عمر رسیدہ افراد کی بڑھتی آبادی سے نمٹنے کے طریقہ کار کے شعبوں میں علمی تعاون بڑھانے کا خواہشمند ہے۔

لی چھیانگ نے کہا کہ چین غربت میں کمی، ڈیجیٹل معیشت اور ماحول دوست ترقی میں اے ڈی بی کے پلیٹ فارم کے ذریعے دیگر ترقی پذیر ملکوں کو اپنا تجربہ پیش کرنے کی امید کرتا ہے۔

چینی وزیراعظم نے کہا کہ چین عظیم می کونگ ذیلی خطے کے تعاون میں شرکت اور تعاون جاری رکھے گا۔ چین علاقائی ترقی و خوشحالی کے لئے تمام فریقوں کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔

اے ڈی بی کے صدر نے کہا کہ چینی معیشت کی مستحکم ترقی ایشیا بحرالکاہل خطے اور وسیع تر دنیا کی معاشی بحالی کے لئے انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ اے ڈی بی چین کے ساتھ مزید مضبوط اور جامع تعاون پر مبنی تعلقات کے فروغ کے لئے پرعزم ہے۔ چین کی اعلیٰ معیار کی حامل ترقی میں تعاون جاری رکھا جائے گا۔

اے ڈی بی کے صدر نے کہا کہ بینک عظیم می کونگ ذیلی خطہ معاشی تعاون پروگرام کے مزید عملی نتائج میں سہولت فراہم کرے گا۔ آزادانہ تجارت برقرار رکھنے اور تحفظ پسندی کی مخالفت میں چین کا ساتھ دیا جائے گا۔

Author

  • شِنہوا دنیا کی صف اول کی نیوز ایجنسیوں میں سے ایک ہے۔

    View all posts