بیجنگ،چین کے وزیراعظم لی چھیانگ اور سلوواکیہ کے ان کے ہم منصب رابرٹ فیکو عظیم عوامی ہال میں خیرمقدمی تقریب میں شریک ہیں-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کے وزیراعظم لی چھیانگ نے بیجنگ میں سلوواکیہ کے اپنے ہم منصب رابرٹ فیکو سے ملاقات کی۔
چینی وزیراعظم لی چھیانگ نے کہا کہ سلوواکیہ چین کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے والے ابتدائی ممالک میں سے ایک ہے، گزشتہ 75 سالوں میں چین اور سلوواکیہ کے تعلقات صحت مند اور مستحکم انداز میں فروغ پائے ہیں۔ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی احترام، مساوات اور دوستانہ تعاون پر مبنی ہیں جس سے دونوں ممالک کے عوام کو فوائد حاصل ہورہے ہیں۔
لی چھیانگ نے کہا کہ چین سلوواکیہ کے ساتھ اعلیٰ سطح کا باہمی سیاسی اعتماد برقرار رکھنے کاخواہاں ہے۔ فریقین کو اعلیٰ معیار کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے ذریعے تعاون کو وسعت دینی چاہئے۔
چینی وزیراعظم نے مزید کہا کہ فریقین کو باہمی تجارتی حجم کو مزید بڑھانا چاہئے اور ڈیجیٹل اور ماحول دوست معیشت جیسی ابھرتی ہوئی صنعتوں میں تعاون کے امکانات کو تلاش کرنا چاہئے تاکہ دونوں ممالک کے لئے مشترکہ طور پر نئے معاشی محرکات کو فروغ دیا جاسکے۔
اس موقع پر سلوواکیہ کے وزیراعظم رابرٹ فیکو نے کہا کہ حالیہ برسوں میں چین کی ترقیاتی کامیابیوں نے دنیا بھر کے ممالک کے لئے ایک مثال قائم کی ہے۔ سلوواکیہ چین کی جانب سے تجویز کردہ عالمی اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔
رابرٹ فیکو نے کہا کہ سلوواکیہ ایک چین کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے اور تسلیم کرتا ہے کہ عوامی جمہوریہ چین کی حکومت پورے چین کی نمائندگی کرنے والی واحد قانونی حکومت ہے۔
رابرٹ فیکو نے کہا کہ سلوواکیہ یورپی یونین کی جانب سے چینی الیکٹرک گاڑیوں پر عائد اضافی محصولات کی مخالفت کرتا ہے۔
چینی وزیراعظم لی چھیانگ اور سلوواکیہ کے ان کے ہم منصب رابرٹ فیکو نے مذاکرات کے بعد آمدورفت، معیشت، تجارت، ثقافت، سیاحت، ماحول دوست اور کم کاربن کے فروغ کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی متعدد دستاویزات پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی۔