چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے روسی نائب وزیر خارجہ آندرے روڈنکو چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ملاقات کررہے ہیں۔(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے روس کے نائب وزیر خارجہ آندرے روڈنکو نے ملاقات کی ہے۔
وانگ یی نے کہا کہ کسی بھی طرح کی بین الاقوامی صورتحال کے تناظر میں چین اور روس کے درمیان جامع تزویراتی شراکت داری تاریخ کی فطری منطق اور مضبوط اندرونی محرکات پر مبنی ہے۔
چینی وزیرخارجہ نے کہا کہ نہ تو چین اور روس کے تعلقات کا فروغ کسی تیسرے فریق کے خلاف ہے اور نہ ہی کسی تیسرے فریق کی مداخلت کے تابع ہے۔
چینی وزیرخارجہ نے دونوں ملکوں پر زور دیا کہ وہ مختلف شعبوں اور تبادلوں میں تعاون کو مربوط کرنے کے لئے مشترکہ کوششیں کریں اور دونوں سربراہان مملکت کے درمیان اتفاق رائے پر عملدرآمد کریں۔
وانگ یی نے مزید کہا کہ چین نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی صدارت سنبھال لی ہے اور وہ ایس سی او کی نئی ترقی کو فروغ دینے کے لئے روس کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔
روس کے نائب وزیرخارجہ آندرے روڈنکو نے کہا کہ سربراہ مملکت کی سفارت کاری نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لئے ایک اچھی بنیاد رکھی ہے۔
ملاقات کے دوران یوکرین بحران پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔