چین، فن لینڈ دو طرفہ تعلقات اور تعاون نئی بلندیوں پر پہنچے گا، چینی وزیراعظم

چینی وزیراعظم لی چھیانگ فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر سٹب سے بیجنگ میں ملاقات کررہے ہیں- (شِنہوا)

بیجنگ(شِنہوا)چین کے وزیراعظم لی چھیانگ سے فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر سٹب نے بیجنگ میں ملاقات کی ہے اور کہا ہے کہ چین، فن لینڈ دو طرفہ تعلقات اور تعاون نئی بلندیوں پر پہنچے گا۔

ملاقات کے دوران چینی وزیراعظم نے کہا کہ جب سے چین اور فن لینڈ نے مستقبل کی تشکیل کے نئے طرز کے تعاون پر مبنی شراکت داری قائم کی ہے، دوطرفہ تعلقات نے ترقی کی مستحکم رفتار کو برقرار رکھا ہے اور مختلف شعبوں میں باہمی مفاد پر مبنی تعاون مسلسل فروغ پا رہا ہے، جس سے دونوں ممالک کے عوام مستفید ہو رہے ہیں۔

وزیراعظم لی چھیانگ نے کہا کہ چین فن لینڈ کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے تاکہ دونوں سربراہان مملکت کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے کو عملی جامہ پہنایا جاسکے، اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو برقرار رکھا جا سکے، روایتی دوستی کو فروغ دے کر باہمی سیاسی اعتماد کو مستحکم کیا جاسکے اور دو طرفہ تعلقات اور تعاون کو نئی بلندیوں پر لے جایا جاسکے۔

چینی وزیراعظم نے مزید کہا کہ امید ہے کہ فن لینڈ چینی کاروباری اداروں کو منصفانہ، شفاف اور غیر امتیازی کاروباری ماحول فراہم کرےگا اور چین۔یورپ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے میں مثبت کردار ادا کرے گا۔

فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر سٹب نے کہا کہ فن لینڈ چین کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کو اہمیت دیتا ہے اور چین کا ایک قابل اعتماد شراکت دار ہے۔

الیگزینڈر سٹب نے کہا کہ فن لینڈ چین کے ساتھ ہر سطح پر تبادلوں کو مضبوط بنانے، معیشت، تجارت، زراعت، ماحول دوست توانائی اور پائیدار ترقی پر مبنی باہمی مفاد کے تعاون، تعلیمی اور عوامی تبادلوں کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے تاکہ دوطرفہ تعلقات میں ایک نیا باب کھل سکے۔

الیگزینڈر سٹب نے مزید کہا کہ فن لینڈ عالمی امور میں چین کے اہم کردار کو سراہتا ہے اور عالمی سلامتی اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے جیسے شعبوں میں چین کے ساتھ رابطے اور تعاون کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔

Author

  • شِنہوا دنیا کی صف اول کی نیوز ایجنسیوں میں سے ایک ہے۔

    View all posts