چینی وزیرخارجہ کی اپنے برطانوی ہم منصب سے ملاقات

چینی وزیر خارجہ وانگ یی برطانیہ کے خارجہ، دولت مشترکہ اور ترقیاتی امور کے وزیر ڈیوڈ لیمی سے بیجنگ میں ملاقات کررہے ہیں۔(شِنہوا)

بیجنگ(شِنہوا)چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے برطانیہ کے خارجہ، دولت مشترکہ اور ترقیاتی امور کے وزیر ڈیوڈ لیمی سے مذاکرات کئے ہیں۔

وانگ یی نے کہا ہے کہ چین اور برطانیہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان اور دنیا کی بڑی معیشتیں ہیں، دونوں ملکوں کو عالمی چیلنجز سے نمٹنے میں معاون اور قومی ترقی کے حصول میں شراکت دار ہونا چاہئے۔

چینی وزیرخارجہ نے کہا کہ چین دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان اتفاق رائے پر عملدرآمد، باہمی افہام وتفہیم اور احترام کی پاسداری کے لئے برطانیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے تاکہ تعاون کو فروغ دیا جاسکے اور تزویراتی رابطوں کو مضبوط بنایا جاسکے۔چین برطانیہ کے ساتھ تعلقات کو مستحکم ترقی کے ایک نئے دور میں لے جانے کا بھی خواہاں ہے۔

وانگ یی نے کہا کہ چین اور برطانیہ کے تعلقات تاریخ میں ایک طویل سفر طے کرچکے ہیں اور اب ایک نئے نقطہ آغاز پر موجود ہیں۔ برطانوی لیبر حکومت نے چین کے ساتھ طویل مدتی، مستحکم اور تزویراتی طور پر اہم تعلقات کو فروغ دینے کی تجویز پیش کی ہے۔ چین نے اس تجویز کا مثبت جائزہ لیا ہے، یہ دوطرفہ تعلقات کی تاریخی منطق، عملی ضروریات، دونوں ملکوں کے عوام کے بنیادی مفادات، تاریخی رجحان اور عالمی صورتحال کے ساتھ مطابقت رکھتی ہے۔

چینی وزیرخارجہ نے کہا کہ تائیوان اور ہانگ کانگ کے معاملات چین کے داخلی امور ہیں اور داخلی معاملات میں عدم مداخلت عالمی تعلقات کا بنیادی اصول ہے۔ دونوں فریقوں کو ایک دوسرے کے خدشات کا احترام کرنا چاہئے۔ مساوات کی بنیاد پر بات چیت کو مستحکم کرنا چاہئے اور مفاہمت، روابط اور تعاون کے لئے ماحول پیدا کرنا چاہئے۔

وانگ یی نے کہا کہ چین برطانیہ سمیت تمام ممالک کے ساتھ بات چیت اور تعاون کو مضبوط بنانے سمیت بین الاقوامی شفافیت کو فروغ دینے کے لئے کام کرنے کا خواہاں ہے۔

اس موقع پر برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے کہا کہ برطانوی حکومت چین کے ساتھ بات چیت اور تعاون کو مضبوط بنانے اور اختلافات کو بہتر اور باہمی احترام کے ساتھ حل کرنے کے لئے پرعزم ہے جو دونوں فریقوں کے طویل مدتی مفادات کو پورا کرے۔

Author

  • شِنہوا دنیا کی صف اول کی نیوز ایجنسیوں میں سے ایک ہے۔

    View all posts