ایرانی صدر کی شہادت، وزیراعظم کا اظہار افسوس، سوگ کا اعلان

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ملک بھر میں یوم سوگ منانے اور پرچم سرنگوں رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر جاری ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے ابراہیم رئیسی کے جاں بحق پر حکومت اور پاکستانی عوام کی جانب سے ایرانی حکومت اور عوام سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آنے کے بعد ہم پر امید تھے کہ کوئی اچھی خبر موصول ہوگی لیکن افسوس ایسا نہیں ہوسکا، جس پر ہمیں دل کی گہرائیوں سے افسردہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی شہدا کو جنت الفردوس میں اعلی مقام اور ان کے اہل خانہ و ایرانی قومی کو اس سانحے پر صبر جمیل عطاء فرمائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی شہادت سے تقریبا ایک ماہ قبل ان کی میزبانی کرنے کا تاریخی موقع حاصل ہوا۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم پاکستان کے بہت اچھے دوست تھے، دکھ کی اس گھڑی میں برادر ملک ایران سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ملک بھر میں ایرانی صدر و وزیر خارجہ کی وفات پر ایک روزہ یوم سوگ منایا جائے گا اور شہدا کے احترام میں پرچم سرنگوں رکھا جائے گا۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts