وزیراعظم کا بشکیک میں پاکستانی سفیر سے رابطہ، پاکستانی طلبہ کو ہر ممکن مدد فراہمی کی ہدایت

بشکیک : وزیراعظم شہباز شریف نے بشکیک میں پاکستانی سفیر کو پاکستانی طلبہ کی ہر ممکن مدد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرغزستان میں صورتحال کی خود نگرانی کر رہا ہوں، اپنے طلبہ کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے کرغزستان میں پاکستانی و دیگر ممالک کے طلبہ کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کرغزستان میں پاکستانی سفیر حسن علی زیغم سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور تازہ ترین صورتحال سے آگاہی حاصل کرتے ہوئے پاکستانی طلبہ کو ہر قسم کی مدد و معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
پاکستانی سفیر نے وزیراعظم کو بتایا کہ واقعے میں کوئی پاکستانی جاں بحق نہیں ہوا،سفارتخانہ زخمی طلبہ کی معاونت کر رہا ہے۔وزیراعظم نے سفیر کو تاکید کی کہ وہ طلبہ کے والدین سے مسلسل رابطے میں رہ کر انہیں معلومات فراہم کرتے رہیں اور جو زخمی طلبہ پاکستان واپس آنا چاہتے ہیں، ان کی فوری واپسی کا انتظام کیا جائے، زخمی طلبہ کی واپسی کے اخراجات حکومت پاکستان برداشت کرے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ کرغزستان میں صورتحال کی خود نگرانی کر رہا ہوں، اس صورتحال میں اپنے طلبہ کو بالکل اکیلا نہیں چھوڑیں گے، حکومت پاکستان کرغزستان کی حکومت کے ساتھ بھی رابطے میں ہے۔دوسری جانب کرغزستان میں تعینات پاکستانی سفیر نے کہا ہے کہ حالات معمول پر آنے تک پاکستانی طلبہ گھروں پر رہیں، مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطے میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔علاوہ ازیں ترجمان دفتر خارجہ ممتاززہرا بلوچ نے کہا ہے کہ کرغزستان میں پاکستانی سفارتخانے کا پیغام موصول ہوا ہے، پاکستانی سفارتخانہ کرغز حکام سے رابطے میں ہے، پاکستانیوں کی حفاظت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ کرغزستان میں پاکستان کے سفیر اور ٹیم ایمرجنسی نمبروں پر موجود ہے، فراہم کردہ نمبرز +996555554476، +996507567667پر واٹس ایپ پر بھی موجود ہیں۔ترجمان نے کہا کہ پاکستانی سفیر اور ان کی ٹیم نے اب تک طلبہ اور ان کی فیملیز کی سینکڑوں ٹیلی فون کالز کا جواب دیا ہے، کالز ٹریفک زیادہ ہونے سے نمبرز پر رابطہ نہ ہوسکے تو میسج یا واٹس ایپ میسج کردیں۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts