پاکستان نے بھارتی قیادت کے بے بنیاد ، حقائق کے منافی و جارحانہ بیانات کو مسترد کردیا

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ بھارتی قیادت کے بے بنیاد ، حقائق کے منافی و جارحانہ بیانات کو مسترد کرتے ہیں، پاکستان اپنی سالمیت اور کسی بھی علاقائی خطرے سے نمٹنے کیلئے تیار ہے،پاکستان نے فلسطین کو اقوم متحدہ جنرل اسمبلی کی رکنیت دینے کی قرارداد کی بھرپور حمایت کی ہے ،افغانستان کی علاقائی سالمیت و خودمختاری کے حامی ہیں، پاک افغان سرحد پر حالات بارے افغان انتظامیہ کو اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار چین کے دورے پر بیجنگ میں ہیں، جہاں باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے ۔وزیر خارجہ نے چین پاکستان آل ویدر سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ اور پاک چین تعلقات کو خارجہ پالیسی کا سنگ بنیاد قرار دیتے ہوئے جموں وکشمیر تنازع پر چین کے اصولی موقف کو سراہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار 20سے 21مئی قازقستان کا دورہ کرینگے جہاں وہ ایس سی او وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ہتھیاروں کے کنٹرول اور عدم پھیلا ؤپر پاکستان اور برطانیہ کے مذاکرات کا چھٹا دور اسلام آباد میں منعقد ہوا، ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ سفیر محمد کامران اختر اور ڈائریکٹر کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس برطانیہ سفیر سٹیفن للی نے اپنے اپنے وفود کی قیادت کی۔
مذاکرات میں ہتھیاروں کے کنٹرول، تخفیف اسلحہ اور عدم پھیلا سے متعلق موضوعات پر بات چیت ہوئی اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی پہلی کمیٹی کے ایجنڈے، تخفیف اسلحہ سے متعلق کانفرنس پر بات چیت کی گئی۔ترجمان نے بتایا کہ پاکستان نے فلسطین کو اقوم متحدہ جنرل اسمبلی کی رکنیت دینے کی قرارداد کی بھرپور حمایت کی۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی قیادت کے حالیہ جارحانہ بیانات سے متعلق پاکستان نے اپنا تفصیلی موقف دے دیا ہے، ہم ان بے بنیاد اور حقائق کے منافی بھارتی الزامات کو مسترد کرتے ہیں، پاکستان اپنی سیکورٹی اور کسی بھی علاقائی خطرے سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مظلومین کے خاندان آج بھی مسائل کا سامنا کر رہے ہیں، ہزاروں کشمیری خواتین اپنے شوہروں کا آج بھی انتظار کر رہی ہیں جن کو مبینہ طور پر بھارتی فوج قتل کر چکی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان کے ایران سے ٹھوس اور برادرانہ تعلقات ہیں، ایرنی صدر کے حالیہ دورہ پاکستان میں دونوں ممالک نے متعدد معاہدوں پر دستخط کئے جبکہ گوادر اور چاہ بہار کو جڑواں بندرگاہ قرار دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم بھارت اورایران کے درمیان کسی معاملے پر ردعمل نہیں دیتے، یہ دونوں ممالک کا اندرونی معاملہ ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان افغانستان کی علاقائی سالمیت و خودمختاری کا حامی ہے، پاک افغان سرحد پر حالات کے حوالے سے افغان انتظامیہ کو اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا ہے۔

Author

  • Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts