جماعت اسلامی کا آف شور پراپرٹیز کے مالک پبلک آفس ہولڈرز کی برطرفی کا مطالبہ

کراچی: امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے آف شور پراپرٹیز کے مالک پبلک آفس ہولڈرز کی برطرفی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دبئی لیکس میں اشرافیہ کی جائیدادوں پر قوم کو جواب چاہئے، حکمران خود ملک میں سرمایہ کاری کیلئے تیار نہیں، غیر ملکی سرمایہ کار کیوں ان کی درخواست پر پاکستان میں اپنا پیسہ لگائیں گے ؟۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر طویل پوسٹ میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکمران طبقے کی دولت کی ہوشربا داستانیں، اسکینڈلز کا لازمی حصہ بنتی جارہی ہیں، پہلے پانامہ، پھر پینڈورا پیپرزاوراب دبئی پراپرٹی لیکس، قوم کو جواب چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی اشرافیہ نے عالمی سطح پر ملک کو کئی بار بدنام کیا ہے، پراپرٹی لیکس کے مطابق دبئی میں 22ہزار پاکستانیوں کی جائیدادیں ہیں اور 23ہزار جائیدادوں کی مالیت کا اندازہ 12.5ارب ڈالرز لگایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کیا پاکستان کے سیاست دان، فوجی جرنیل اور بیوروکریٹس قوم کو یہ بتائیں گے کہ یہ دولت کہاں سے کمائی اور کس طرح باہر بھیجی؟ قوم کو جواب چاہئے، منی ٹریل سامنے لائی جائے ۔
انہوں نے کہا کہ کم از کم حکمران اشرافیہ کے ارکان قوم کو اپنی آمدنی کے ذرائع کے بارے میں بتانا چاہیں گے کہ انہوں نے کس طرح یہ جائیدایں خریدیں؟، وہ کون سے ذرائع تھے جن کے ذریعے یہ رقوم عرب امارات منتقل کی گئی؟ اور کیا یہ جائیدادیں سٹیٹ بینک، ایف بی آر اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر ریگولیٹری اداروں کو ڈکلیئرڈ کی گئیں؟۔
انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری پاکستان کی بجائے آف شور کیوں کی گئی؟ اگر یہ مان بھی لیا جائے کہ یہ جائیدادیں قانون کے مطابق درست ذرائع سے باہر بھیجی گئی ہیں پھر بھی یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ جب حکمران خود ملک میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے تیار نہیں اور اپنی آمدن کو محفوظ راستوں کے ذریعے آف شور کررہے ہیں تو ایسے میں غیر ملکی سرمایہ کار کیوں ان کی درخواست پر پاکستان میں اپنا پیسہ لگائیں گے؟۔انہوں نے کہا کہ حکمران طبقے کو اپنے ملک کے معاشی مستقبل پر مکمل اعتماد ہونا چاہئے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ آف شور پراپرٹیز رکھنے والے تمام پبلک آفس ہولڈرز کو برطرف کیا جائے کیونکہ ان کی ملک کے معاشی مفادات میں کوئی دلچسپی نہیں جب کہ ان کی پالیسیاں اور اقدامات پاکستان کو سرمایہ کاری کیلئے غیر سازگار بنا رہے ہیں۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts