جماعت اسلامی کا 16مئی کو لاہور میں حکومت کیخلاف احتجاجی مارچ کا اعلان

کراچی:جماعت اسلامی نے 16مئی کو حکومت کیخلاف احتجاجی مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت والے فارم 47کی بنیاد پر ہم پر مسلط ہوئے ہیں، عوام کو ظالم حکمرانوں کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہونا ہوگا، کراچی منی پاکستان ہے، مگر کوئی جماعت اسے آن نہیں کرتی ، شہر کو ایڈہاک پرچلایا جاتا ہے،آزاد کشمیر میں پیش آئی صورتحات تشویشناک ہے، شرپسندوں کی حمایت نہیں کرتے، حکومتی بیوقوفی کی وجہ سے بھارت ہم پر بات کرنے لگا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں بڑی جماعت بن کر سامنے آئی، کراچی کے عوام جماعت اسلامی کے ساتھ کھڑے ہیں، جماعت اسلامی منظم جماعت وادارہ ہے، یہ وراثت پر نہیں چلتی ۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کا مقدمہ پورے پاکستان میں لڑے گی، پاکستان میں سب سے زیادہ ٹیکس کراچی دیتا ہے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔
انہوں نے کہاکہ کراچی کی آواز اب پورے پاکستان میں لیکر جائیں گے، کراچی منی پاکستان ہے، مگر اسے کوئی جماعت آن نہیں کرتی ہے، کراچی کو ایڈہاک پرچلایا جاتا ہے، شہری کی آبادی ساڑھے 3کروڑ بنتی ہے،تینوںجماعتوں نے ملکر کراچی کی آبادی کو کاؤنٹر کیا ہے، مردم شماری کے معاملے کو نظر انداز نہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کے فور پر پیکیج کا اعلان ہوتا رہا لیکن کے فور منصوبہ نہیں بن سکا، ایس فور سیوریج کا منصوبہ بھی نہیں بنا، کراچی کے مسائل کو کوئی حل نہیں کرنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہاکہ کراچی میں امتحانات کیلئے سینٹرز فروخت ہوچکے ہیں ،بچے زمین پر بیٹھ کر پرچے دے رہے ہیں، سنٹرز پر بجلی نہیں ہوتی ہے، کے الیکٹرک کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے، مافیاز کو مسلط کرنے کا سلسلہ ختم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں امن و امان کی صورتحال سب کو معلوم ہے، ایک بچے کو زنجیروں سے باندھا ہوا تھا سب نے ویڈیو دیکھی، لوگ موٹر وے پر سفر نہیں کرسکتے۔انہوں نے کہا کہ سندھ پر مسلسل 16 سال سے پیپلز پارٹی کی حکومت ہے، ان کی ملی بھگت کے بغیر ڈاکو طاقتور نہیں ہوسکتے ہیں، کچے اور پکے کے ڈاکوؤں کا اشتراک ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو ظالم حکمرانوں کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہونا ہوگا، ہم ظالم طبقے سے اپنا حق لیں گے، لاہور میں کسانوں کا مسئلہ ہے، ایک طرف بڑے جاگیر دار ہیں تو دوسری طرف چھوٹا کسان ہے، حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ گندم خریدیں گے، مگر حکومت اپنے اعلان سے پیچھے ہٹ گئی ہے،اب تک گندم بحران حل نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت والے فارم 47کی بنیاد پر ہم پر مسلط ہوئے ہیں، حکمران فیملی انٹرپرائیزز ہے ، اب کہہ رہے ہیں گندم نہیں خریدیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 10سے 15ایکڑ کے مالکان پر بوجھ نہیں ڈالنا چاہئے ،ہزاروں ایکڑ زمینوں والے ٹیکس نہیں دیتے۔انہوں نے 16 مئی کو لاہور میں حکومت کیخلاف احتجاجی مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مارچ میں عوامی مسائل اور کسانوں کے حق میں بات کی جائے گی ۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش ہے، آزاد کشمیر کی صورتحال پر جماعت اسلامی عوام کے ساتھ ہے ،ہم پرامن احتجاج اور آزاد کشمیر کے لوگوں کے مسائل کی مکمل حمایت کرتے ہیں، آزاد کشمیر میں جو صورتحال پیش آئی وہ تشویشناک ہے۔
انہوں نے کہاکہ وہاں احتجاج حکومت کے باعث ہوا، جب لوگوں کو کچھ بھی فراہم نہیں کیا جائے گا تو عوامی ردعمل فطری ہے تاہم شرپسندوں کی کسی صورت سپورٹ نہیں کرسکتے ،آزاد کشمیر میں کی گئی بیوقوفی کی وجہ سے بھارت ہم پر بات کرنے لگا ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر حکمران بات نہیں کرتے، ہم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، بھارت کے مقاصد کبھی پورے نہیں ہوں گے۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts