وزیراعظم کا اسٹرٹیجک اداروں کے سوا تمام ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری کا اعلان

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے اسٹرٹیجک اداروں کے سوا دیگر تمام ریاستی ملکی اداروں کی نجکاری کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی وزارتیں ضروری کارروائی ، نجکاری کمیشن سے تعاون کریں، نجکاری عمل میں شفافیت کو اولین ترجیح دی جائے،حکومت کا کام کاروبار نہیں ،کاروبار و سرمایہ کاری دوست ماحول یقینی بنانا ،سہولیات اور آسانیاں فراہم کرنا ہوتا ہے، حکومتی ملکیتی اداروں کی نجکاری سے ٹیکس دہندگان کے پیسے کی بچت ہو گی ،سروسز کی فراہمی کا معیار بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزارت نجکاری و نجکاری کمیشن کے امور بارے جائزہ اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں وزیر دفاع و ہوابازی خواجہ آصف، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان ، وفاقی وزیر توانائی اویس احمد لغاری ، وفاقی وزیر نجکاری عبد العلیم خان، وزیر پیٹرولیم مصدق ملک ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وزیراعظم کے کوآرڈنیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلی سرکاری افسران نے شرکت کی ۔اجلاس میں وزارت نجکاری و نجکاری کمیشن کی طرف سے نجکاری پروگرام 2024-2029کا روڈ میپ پیش کیا گیا۔شرکا کو حکومتی ملکیتی اداروں کی نجکاری بارے ے پیشرفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پی آئی اے کی نجکاری بارے پری کوالیفکیشن کا عمل مئی کے اختتام تک مکمل کر لیا جائے گا، روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری کے حوالے سے ضروری مشاورت کا عمل جاری ہے جبکہ فرسٹ ویمن بینک لمیٹڈ کی متحدہ عرب امارات کے ساتھ گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ ٹرانزیکشن کی جا رہی ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو نجکاری پروگرام 2024-2029ء میں شامل کیا گیا ہے، اجلاس کو بتایا گیا کہ خسارہ زدہ حکومتی ملکیتی اداروں کو ترجیحی بنیادوں پر پرائیویٹائز کیا جائے گا۔شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ نجکاری عمل کو تیز اور موثر بنانے کیلئے نجکاری کمیشن میں ماہرین کا پری کوالیفائیڈ پینل تعینات کیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے اسٹرٹیجک ریاستی ملکیتی اداروں کے سوا دیگر تمام حکومتی ملکیتی اداروں خواہ وہ نفع بخش ہیں یا خسارہ زدہ کی نجکاری کا اعلان کرتے ہوئے وفاقی وزارتوں کو اس حوالے سے ضروری کارروائی اور نجکاری کمیشن سے تعاون کی ہدایت کی اور کہا کہ نجکاری کے عمل میں شفافیت کو اولین ترجیح دی جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں بلکہ کاروبار اور سرمایہ کاری دوست ماحول یقینی بنانا اور اس حوالے سے سہولیات اور آسانیاں فراہم کرنا ہوتا ہے۔ حکومتی ملکیتی اداروں کی نجکاری سے ٹیکس دہندگان کے پیسے کی بچت ہو گی اور اسی پیسے سے سروسز کی فراہمی کا معیار بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
وزیراعظم نے پی آئی اے کی نجکاری بارے بڈنگ سمیت دیگر اہم مراحل کو ٹیلی ویژن پر براہ راست نشر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دیگر اداروں کی نجکاری کے عمل کے مراحل کو بھی براہ راست نشر کیا جائے گا۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts