فیصل کریم کنڈی کی علی امین گنڈا پور کو کھانے کی دعوت

ملتان: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو کھانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا کے حق پر ڈاکہ خیبرپختونخوا میں ڈالا گیا، سنی اتحاد کونسل فضل الرحمن کے تحفظات دور کرے، چیزیں مل کرحل ہوسکتی ہیں، ابھی گالم، گلوچ کی سیاست نہیں، عوام کی خدمت کا وقت ہے، ہمیں ان کی خدمت کرنی ہے۔تفصیلات کے مطابق ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ میں ایک عوامی گورنر ہوں، ہر سیاسی جماعت کے رہنماء کے پاس خود چل کر جاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ میں پارٹی کے اعتماد کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ہمیں اپنا مقدمہ اپنے فورم پر لڑنا چاہئے، میںسب کو عزت دیتا ہوں، وزیر اعلی علی امین گنڈا پور کو کھانے کی دعوت دیتا ہوں،گورنرہاؤس میں صوبائی حکومت کیخلاف کوئی سازش نہیں ہورہی۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کہتے ہیں کہ ان کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا تو خیبرپختونخوا میں تو مینڈیٹ سنی اتحاد کونسل کو ملا ہے، تو سنی اتحاد کونسل کو چاہیے کہ مولانا کے تحفظات دور کرے، خیبرپختونخوا کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو ملنا ہوگا، آپ لفظی جنگ کا خواب پورا کریں لیکن وہاں کے عوام کو ڈیلیور کریں۔
انہوں نے کہا کہ کہا جاتا ہے جس سے اچھائی کریں اس کے شر سے بچیں لیکن ہم اپنے مہمان کا ساتھ ہمیشہ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ جو چیزیں خیبر پختونخوا کی اچھی ہیں وہ دوسرے صوبوں کو لینی چاہیںاور جو چیزیں دوسرے صوبوں کی اچھی ہیں اسے خیبر پختونخوا کو اپنانا چاہئے، میں چاہتا ہوں کہ اس صوبے میں ایس آئی یو ٹی جیسے ہسپتال بنیں، یہاں کسان کارڈ ملے، یہاں اچھا مقابلہ ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ چیزیں مل کرحل ہوسکتی ہیں، گالم، گلوچ کی سیاست کا ابھی وقت نہیں، ابھی عوام کی خدمت کا وقت ہے، ہمیں ان کی خدمت کرنی ہے۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts