عمران خان کا ملکی حالات پر آرمی چیف کو خط لکھنے کا اعلان

راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ملکی حالات پر آرمی چیف کو خط لکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پبلک مینڈیٹ کے مطابق حکومت بنائے بغیر ملک نہیں چل سکتا، بجٹ سے قبل بجلی ،گیس قیمتوں میں مزید اضافہ ہو ا توتنخواہ دار طبقہ سڑکوں پر ہوگا،190ملین پاؤنڈ معاہدہ کو خفیہ رکھنا پراپرٹی ٹائیکون ،نیشنل کرائم ایجنسی کی ڈیمانڈ تھی، سپریم کورٹ اکاؤنٹ میں آنیوالے 35 ارب روپے کا 13ارب منافع بھی بن چکا ہے،کوئی پارٹی ڈسپلن میں رہے تو ٹھیک ،خلاف ورزی کرے تو پورس کا ہاتھی بن جاتا ہے،شیر افضل کو کئی بار پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی نہ کرنے کو کہامگر وہ ہر دوسرے دن کسی نہ کسی پر چڑھائی کردیتا تھا۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی اڈیالہ جیل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ کسی سیاسی جماعت میں دائرے کے اندر رہ کر کام کرنا ہوتا ہے، جنگ باہر والوں سے ہوتی ہے پارٹی میں لڑائی نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ کوئی پارٹی ڈسپلن میں رہے تو ٹھیک ،خلاف ورزی کرے تو پورس کا ہاتھی بن جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی وفد کے دورہ کے موقع پر شیر افضل مروت نے متنازعہ بیان دیا جبکہ محمد بن سلمان نے میرے کہنے پر دو مرتبہ او آئی سی کانفرنس کروائی۔انہوں نے کہا کہ شیر افضل مروت نے پارٹی کیلئے بہت کام کیا لیکن انہیں پارٹی پالیسی کی بار بار خلاف ورزی نہیں کرنی چاہئے تھی،اسے کئی مرتبہ سمجھایا بھی کہ پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی نہ کرے مگر وہ ہر دوسرے دن کسی نہ کسی پارٹی لیڈر پر چڑھائی کر دیتا تھا۔انہوں نے کہا کہ اب بھی شیر افضل پارٹی پالیسی کے مطابق چلے تو کوئی ایشو نہیں ہے، انہیں نوٹس جاری کیا ہے جواب دینگے تو ٹھیک ہے۔
انہوں نے کہا کہ 190ملین پاؤنڈ معاہدہ کو خفیہ رکھنا پراپرٹی ٹائیکون اور نیشنل کرائم ایجنسی کی ڈیمانڈ تھی، برطانیہ میں پیسے منی لانڈرنگ نہیں بلکہ مشکوک ٹرانزیکشن کی وجہ سے پکڑے گئے تھے ، سول عدالت میں کیس چلتا تو مزید پانچ سال تک پیسے پاکستان نہیں آسکتے تھے، بیرون ملک عدالتوں میں مختلف کیسوں میں پاکستان کے پہلے ہی 100ملین ڈالر ضائع ہو چکے، 190ملین پاؤنڈ سے متعلق انکوائری نیب میں بند کی جاچکی تھی جو دو سال بعد دوبارہ کھولی گئی، سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں جو 35ارب روپے آئے اس پر 13ارب کا منافع بھی بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنجر زمین پر القادر ٹرسٹ یونیورسٹی بنائی جو بچوں کو مفت تعلیم دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے توشہ خانہ سے6لاکھ روپے میں بلٹ پروف گاڑی خریدی اس کو بری کرنے کا سوچا جا رہا ہے، زرداری نے توشہ خانہ سے تین گاڑیاں لیں وہ عدالت سے استثنیٰ مانگ رہا ہے، حسن شریف نے 18ارب روپے کی پراپرٹی بیچی اس پر کوئی بات نہیں کر رہااور مجھ پر توشہ خانہ کا چوتھا کیس چلانے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں زرداری اور نواز شریف کی طرح ملک سے باہر نہیں جاؤں گا ، ان کے تو محلات بیرون ملک ہیں وہاں شاپنگ بھی کرنی ہوتی ہے۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ فرح گوگی سے صرف تین ملاقاتیں ہوئی ہیں اس کا تعلق بشری بی بی سے تھا، ان حالات میں شہزاد اکبر آیا تو اس کو ائیرپورٹ سے اٹھا لیا جائے گا، ملک میں جنگل کا قانون ہے، جنگل کا بادشاہ سب کچھ چلا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملکی حالات پر آرمی چیف کو خط لکھوں گا، پبلک مینڈیٹ کے مطابق حکومت بنانی پڑے گی اس کے بغیر ملک نہیں چل سکتا، ملک کی ٹیکس کلیکشن 13.3ٹریلین ہے، 9.3ٹریلین ہم نے قرضوں کے سود کی مد میں ادا کرنے ہوتے ہیں، اس طرح سے 24کروڑ آبادی کا ملک کیسے چلے گا، ملک کی آمدنی میں اضافہ ہو نہیں رہا سرمایہ کاری کیلئے کوئی تیار نہیں، بجٹ سے پہلے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گا توتنخواہ دار طبقہ سڑکوں پر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہآزاد کشمیر میں جو کچھ ہورہا ہے اس پر تشویش ہے، ملک میں جمہوریت ختم ہوچکی ہے، پہلے کشمیر اور پھر گلگت بلتستان میں ہماری حکومتیں گرائی گئیں، پہلے گلگت ،اب کشمیر میں لوگ اپنے حقوق کیلئے کھڑے ہوچکے ہیں، بتا رہا ہوں جون ،جولائی میں ان سے ملک سنبھالا نہیں جائے گا۔

Author

  • Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts