لاہور: سابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان اپنی ذات نہیں ،ملک و قوم کیلئے مذاکرات پر رضا مند ہوئے ہیں، مقتدر حلقوں کو دعوت کا مثبت جواب دینا چاہئے، (ن) لیگ ،پی ٹی آئی ،اسٹیبلشمنٹ میں مذاکرات سے نظر آتی سیاسی موت کے باعث اسے سبو تاژ کررہی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعلی پنجاب و صدر پی ٹی آئی چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ مذاکرات ہی موجودہ بحران سے نکلنے کا واحد راستہ ہیں، بانی پی ٹی آئی اپنی ذات نہیں ،ملک و قوم کیلئے مذاکرات پر رضا مند ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صرف بااختیار مقتدر حلقوں سے مذاکرات ہی نتیجہ خیز ثابت ہو سکتے ہیں، انہیں عارف علوی کی مذاکرات کی دعوت کا مثبت جواب دینا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں مذاکرات سے انکار ملک و قوم کے ساتھ خیر خواہی نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ (ن )لیگ، پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان مذاکرات سے نظر آتی سیاسی موت کے باعث انہیں سبوتاژ کر رہی ہے، وہ جانتی ہے کہ مذاکرات کے نتیجے میں اسے پنجاب میں پی ٹی آئی کا چوری شدہ مینڈیٹ واپس کرنا پڑے گا۔
Load/Hide Comments