بلوچستان کے معاملات کنٹرول کرنے والے ہوش کے ناخن لیں، امیر جماعت اسلامی

کوئٹہ: امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ بلوچستان کو کنٹرول کرنے والے ہوش کے ناخن لیں، صوبے میں گیس اور بجلی نہیں، لاپتہ افراد کا بھی مسئلہ حل طلب ہے۔کوئٹہ میں حافظ نعیم الرحمٰن زمیندار ایکشن کمیٹی کے احتجاجی کیمپ پہنچے جہاں انہوں نے بلوچستان اسمبلی کے باہر موجود مظاہرین سے اظہارِ یکجہتی کیا اور کہا کہ بلوچستان بے شمار مسائل کا شکار ہے۔
اس موقع پر امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان نے کہا کہ بلوچستان میں 29 ہزار زرعی ٹیوب ویلوں پر پانی کا بہت انحصار ہے، اگر یہ ٹیوب ویل 3 گھنٹے چلیں گے تو کیسے فصلیں کاشت ہوں گی، صوبے میں ان ٹیوب ویلوں اور زراعت پر معیشت کا انحصار ہے۔
انہوں نے کہا کہ فوری طور پر بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے، بلوچستان کے چھوٹے کاشت کار بڑی مراعات کے حق دار ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ گندم کے سرکاری نرخ حقائق کے مطابق نہیں، جماعت اسلامی زمینداروں کے دھرنے کی مکمل حمایت کرتی ہے۔اس موقع پر زمیندار کمیٹی کے رہنما نے کہا کہ بلوچستان میں 29 ہزار ٹیوب ویل ہیں جن کی سبسڈی کے پیسے وفاق اور صوبے نے نہیں دیے، 6 ماہ سے صرف 3 گھنٹہ بجلی دی جا رہی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بلوچستان کے 34 اضلاع میں زراعت کا انحصار ٹیوب ویلوں پر ہے، 29 ہزار ٹیوب ویلوں کو 8 گھنٹے بجلی فراہم کی جائے۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts