فیصل کنڈی میرے خلاف نامناسب گفتگو سے اجتناب کریں ورنہ سب کچھ بند کردوں گا،علی امین گنڈاپور

ڈی آئی خان: وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ فیصل کریم کنڈی میرے خلاف نامناسب گفتگو سے اجتناب کریں ورنہ سب کچھ بند کردوں گا، گورنر کا سیاست سے تعلق نہیں ،وہ فارم 47کے نامزد ہیں، اتنی حیثیت نہیں بات کر سکیں،بس بائے بائے ٹاٹا کیا کریں۔
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ گورنر کے پاس آئینی عہدہ ہے وہ سیاسی گفتگو سے اجتناب کریں، میں نے جواب دیا تو گلہ نہ کریں کہ وفاقی حکومت کا نمائندہ ہوں۔ انہوں نے کہاکہ گورنر خیبرپختونخوا فارم 47کے نامزد ہیں، ان کی اتنی حیثیت نہیں کہ وہ بات کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ وارننگ دے رہا ہوں گورنر کا عہدہ آئینی ہے ،میرے خلاف نامناسب گفتگو ،سیاسی بیانات ، محاذ آرائی سے گریز کریں، اس دفعہ لحاظ کرتے ہوئے جواب نہیں دے رہا ۔
انہوں نے کہا کہ گورنر کی گاڑی کا تیل بھی میرے بجٹ سے جاتا ہے، پھر ان کی گاڑی کا تیل بھی نہیں ہو گا، وارننگ پر عمل نہ ہوا تو گرانٹ اور گاڑی سب بند کر دوں گا، گورنر ہاؤس بھی ان کی ملکیت نہیں ، ایسا نہ ہو گورنر ہاؤس کو ورثہ قرار اور عجائب گھر بنا کر عوام کیلئے کھول دوں ،آپ کو دو کمرے کی اینکسی میں شفٹ کر دوں گا۔
انہوں نے کہا کہ اگر میں کھڑا ہو گیا تو جس ایک لیٹر پر آپ نوٹیفائی ہوئے اسی پر ڈی نوٹیفائی ہو جائینگے ، آپ کی حیثیت ایک لیٹر کی ہے مینڈیٹ کی نہیں، تمیز کے دائرے میں رہیں، گورنر کی اس وقت صوبے میں کوئی حیثیت ہے نہ کام ہے، میرا شکریہ ادا کریں میں ڈی آئی خان کا بندہ ہوں جس وجہ سے انہیں خیرات میں عہدے مل جاتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ علی امین سے مقابلے کیلئے ڈی آئی خان سے بندہ لیا جاتا ہے، انہیں تو عہدہ ملتا ہی میری وجہ سے ہے، میں ڈی آئی خان سے وفاقی وزیر تھا تو مولانا کے بیٹے کو بھی وفاقی وزیر بنا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں خیراتی نوٹیفکیشن نے گورنر بنایا اور مجھے اللہ اور بانی پی ٹی آئی نے وزیر اعلی بنایا ،گورنر کے پاس اختیارات نہیں اپنی حیثیت سمجھیں ،ان کا سیاست سے تعلق نہیں، بس بائے بائے ٹاٹا کیا کریں۔
انہوں نے کہا کہ یہ صوبے اور وفاق کے درمیان کیا پل بنیں گے ، انہوں نے ڈپٹی سپیکر ہوتے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ گورنر مجھے مجبور نہ کریں اور اپنے کام سے کام رکھیں،یہ سیاسی جنگ ہے اور وہ سیاستدان نہیں بلکہ سیاست سے فارغ ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیصل کریم کنڈی اپنے عہدے کا لحاظ کریں اور عہدے پر رہنے کے کام سے کام رکھیں۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میں عدالتوں کا احترام کرتا ہوں اس لئے پیش ہو رہا ہوں، کسی قسم کا استثنیٰ نہیں لے رہا۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts