اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک سعودیہ تعلقات مثالی ، امن و خوشحالی میں پارٹنر ہیں، سعودی ولی عہد شہزاد ہ محمد بن سلمان کی پالیسیاں تمام لیڈروں کیلئے مشعل راہ، وژن2030دنیا کیلئے مثالی نمونہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی میڈیا کو انٹرویو میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کی دنیا میں مثال نہیں ملی ، دونوں ممالک امن اور خوشحالی میں پارٹنر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد پاکستان سے تعلقات میں مخلص ہیں،انہوں نے سعودی عرب کا نقشہ بدل کر رکھ دیا، ان کی قیاد ت میں گزشتہ 8برسوں میں سعودی عرب نے مثالی کامیابیاں حاصل کی ،مملکت کیلئے ان کا وژن 2030ء دنیا کیلئے مثالی نمونہ ہے۔انہوں نے کہا کہ محمد بن سلمان کی پالیسیاں مجھ سمیت تمام لیڈروں کیلئے مشعل راہ ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سعودی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان انتہائی نتیجہ خیز ثابت ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کوئی بھی وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد اپنے پہلے غیرملکی دورے کا آغاز سعودی عرب سے کرتا ہے ،یہ ایک روایت بن گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک سعودیہ تعلقات برسوں پر محیط ہیں، ہمارے غم و خوشی مشترکہ ہیں، ہم کامیابی اور ترقی کے بھی ساتھی ہیں۔
Load/Hide Comments